ایف نائن پارک گروی رکھنے پر عدالت جاؤں گا: میئر اسلام آباد
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی حکومت کی جانب سے ایف نائن پارک کو گروی رکھنے کے معاملے پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے میئر اسلام آباد پیر عادل گیلانی نے عدالت جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ میئر اسلام آباد پیر عادل گیلانی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایف نائن پارک اسلام آباد کے باسیوں کا پارک ہے۔ پارک کو گروی رکھ کر قرضہ لینے کی مذمت کرتے ہیں۔ پیر عادل گیلانی کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کے ایف نائن پارک کے عوض سکوک بانڈز جاری نہیں ہونے دیں گے۔ خیال رہے کہ میڈٰیا میں یہ خبریں سامنے آئی ہیں کہ وفاقی حکومت نے ایف نائن پارک کو گروی رکھ کر قرضہ حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ یہ پارک اسلام آباد کا سب سے بڑا عوامی مرکز ہے جس کا رقبہ تقریباً 750 ایکڑ پر مشتمل ہے۔