کنٹرول لائن: گولہ باری‘ فائرنگ سے زخمی ہونے والا بھارتی فوجی دم توڑ گیا
راجوری (کے پی آئی) مقبوضہ کشمیر میں کنٹرول لائن پر راجوری کے سندر بنی سیکٹر میں گزشتہ دنوں پاکستان بھارت افواج کی گولہ باری اور فائرنگ سے بھارتی فوج کا زخمی اہلکار 5روز بعد زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔ 18جنوری کو راجوری کے سندر بنی سیکٹر علاقے میں ہند پاک افواج کے مابین جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی ہوئی جس دوران پاک فوج کی جوابی فائرنگ میں بھارتی فوج کے چار اہلکار زخمی ہو گئے ۔ جن میں سے نائیک نشاط شرما ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاکر دم توڑ گیا۔ ایک دفاعی ترجمان نے بتایا کہ مذکورہ فوجی اہلکار کمانڈ بیس ہسپتال میں زیر علاج تھا جہاں وہ چل بسا جبکہ دیگر تین اہلکاروںکا علاج و معالجہ جاری ہے۔