دسمبر تک پنجاب کو ہیلتھ انشورنس ، انرجی معاہدوں کیلئے چینی کرنسی کے استعمال کی منظوری
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت اجلاس میں صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیا اور کابینہ نے پنجاب کی 100فیصد آبادی کو دسمبر 2021تک ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کیلئے یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام کی منظوری دے دی جبکہ یونیورسل ہیلتھ کوریج پروگرام سے متعلقہ امور طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔ بھکر میں تھل یونیورسٹی‘ متروکہ وقف املاک اور ڈسپلیسڈ پرسنز لاز (Repeal) ایکٹ1975ء میں ترامیم کی اصولی منظوری دی گئی۔ سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امور ترامیم کا جائزہ لیکر حتمی رپورٹ دے گی۔ ان ترامیم سے سالہا سال سے اراضی کے کلیمز کے زیر التواء کیسوں کو نمٹانے میں مدد ملے گی۔کابینہ نے اس ضمن میں حتمی ڈیڈ لائن کو جلد از جلد مشتہر کرنے کی ہدایت کی۔ لاہور سینٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام کی اصولی منظوری دی گئی۔ اتھارٹی والٹن ائیرپورٹ اورگرد ونواح میں بزنس سرگرمیوں کو فروغ دینے کیلئے کام کرے گی اور ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو ترجیحی بنیادوں پر سہولتیں فراہم کرے گی۔ کابینہ نے سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی‘ پنجاب آب پاک اتھارٹی (اپائمنٹ اینڈ کنڈیشنز آف سروس) رولز 2020کی اصولی منظوری دی گئی۔ بھکر میں آرمی ویلفیئر سکیم کیلئے الاٹ کی جانیوالی 1626ایکڑ اور 2کنال اراضی کے متبادل زمین دینے کی منظوری دی گئی۔ متبادل اراضی یزمان اور فورٹ عباس میں دی جائے گی۔ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2014کی شق 19 کے تحت املاک کی منتقلی اور مینجمنٹ کے مسودہ قانون اور ڈاکخانوں کے ذریعے موٹرو ہیکلز ٹیکسوں کی وصولی کا اختیار واپس لینے کی منظوری دی گئی۔ پنجاب اربن ایموایبل (Immovable) پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958ء کے سیکشن 16میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔ ترمیم سے نادہندگان کی جائیدادیں سیل کرنے کا اختیار محکمہ ایکسائز کو ہوگا۔ کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کو خیبر پی کے میں سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی۔ مشترکہ مفادات کونسل کے مستقل سیکرٹریٹ کے قیام کے حوالے سے وفاقی حکومت کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2020میں ترامیم کی منظوری دی گئی جبکہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو دیئے گئے 5ارب روپے کے قرضے کی باقی رقم دیگر مدات میں استعمال کرنے کی اجازت دی گئی۔ انرجی معاہدوں کیلئے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کیلئے چائنیزکرنسی یوآن(Yuan) کے استعمال ‘ پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی اورایس پی کی ترقی کیلئے سروس رولز کی اصولی منظوری دی گئی۔سروس رولز کی منظوری سے سالوں سے ترقی کے منتظر سینکڑوں افسر مستفید ہوسکیں گے۔ کابینہ نے سرگودھا اور راولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی دو عدالتیں بند کرنے کی منظوری دی۔ پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس برائے ساؤتھ پنجاب‘ پنجاب وویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کیلئے مراعات کے تعین کی بھی منظوری دی گئی۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے چیئرمین واٹر اینڈ انوائرمنٹل جوڈیشل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے ملاقات کی۔ جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کمیشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور کمیشن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے وزیراعلیٰ کو پانی کے ضیاع کو روکنے کے لئے کیے گئے اقدامات کے بارے میں بریف کیا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ پانی بہت بڑی نعمت ہے۔ پانی کا ضیاع روکنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ پانی کو احتیاط سے استعمال کرنے کے حوالے سے بھر پور آگاہی مہم چلائی جائے گی کیونکہ پانی کا ضیاع روکنے کیلئے عوام میں شعورکو اجاگر کرنا ضروری ہے۔ لاہور میں نئے زیر زمین ٹینک بنانے کا منصوبہ بنایا ہے اوراس منصوبے پر جلد کام شروع کیا جارہا ہے۔ جنوبی پنجاب میں پانی ذخیرہ کرنے کیلئے سمال ڈیمزکا پراجیکٹ بنایا ہے۔ رواں برس پہلے ڈیم کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ کمیشن کی کارکردگی قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمیشن دیگر ڈویژنل ہیڈکوارٹر میں بھی جاکر پانی کا ضیاع روکنے کیلئے اقدامات اٹھائے، حکومت سپورٹ کرے گی۔عثمان بزدار سے مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی۔ طاہر بشیر چیمہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات میں حلقے کے عوامی مسائل کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ نے اظہر عباس چانڈیا کو حلقے کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اظہر عباس چانڈیا نے عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ میرے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے ہیں۔ ارکان اسمبلی کے حلقوں کے مسائل حل کرنا میری ذمہ داری ہے۔ مظفر گڑھ کو بھی خصوصی ترقیاتی پیکیج دیا جائے گا۔ خلوص نیت سے عوام کی خدمت میں مصروف ہیں۔ اپوزیشن رہنماؤں کا رویہ ملکی مفادات کے منافی ہے۔ اپوزیشن ترقی نہیں، انتشار چاہتی ہے جبکہ ہم ترقی کے سفر کو پسماندہ علاقوں تک لے کر گئے ہیں۔ اظہر عباس چانڈیا نے کہا کہ جب بھی آپ کے پاس آئے ہیں،آپ نے عزت دی ہے اورآپ نے ہمیشہ ہمارے مسائل حل کئے ہیں۔ عثمان بزدار نے کاہنہ میں سکول کے کوارٹر کی چھت گرنے سے ماں اور بیٹے کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر اظہار افسوس کیا ہے۔