سیالکوٹ‘ گوجرانوالہ‘ ضمنی الیکشن کیلئے بروقت تیاریاں یقینی بنائی جائیں‘ چیف الیکشن کمشنر
اسلام آباد‘ لاہور (خصوصی نمائندہ+ نیوز رپورٹر) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے صوبہ پنجاب میں قومی اسمبلی حلقہ NA-75سیالکوٹ اور صوبائی اسمبلی حلقہ PP-51گوجرانوالہ میں 19 فروری کو منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات کی تیاریوں اورضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کے حوالے سے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب، لاہور میں اہم اجلاس کی صدارت کی۔ چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان کو ضمنی انتخابات کی تیاریوں اور ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کاروائی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چیف الیکشن کمشنرنے بریفنگ کے بعدضمنی انتخابات کی تیاریوں کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران اور ریٹرننگ افسران کو تاکید کی کہ تمام امور کو مقررہ وقت کے اندر پایہ تکمیل تک پہنچانے کو یقینی بنایا جائے۔ حلقہ NA-75 سیالکوٹ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کاروائی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرنے بتایا کہ حلقے کی حدود سے مقررہ سائز سے متجاوز تمام بینرز اور پینا فلیکسز کو اتروا دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید آگاہ کیا کہ ترقیاتی کام کے خلاف ایک امیدوار کی جانب سے شکایت موصول ہوئی، جس پر تحقیقات کے بعد محکمہ پبلک ہیلتھ ا نجنئیرنگ کے XEN عبدالوحیداور SDO محمد زاہد کوضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ افسر نے حاضری کیلئے نوٹس جاری کیا ہے۔ علاوہ ازیں حلقہ میں سوئی ناردرن گیس کی طرف سے جاری نئے کنکشن دینے کا سلسلہ بھی رکوا دیا گیا ہے، اور الیکشن کمیشن کے احکامات کے مطابق محکمہ سوئی ناردرن گیس پائپ لائن کے ریجنل مینجر سیالکوٹ، محمد رضوان مشتاق کا، ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر کارروائی کرتے ہوئے، گجرات تبادلہ کر دیا گیا ہے۔ حلقہ PP-51 گوجرانوالہ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر کاروائی سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسرنے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ گوجرانوالہ کے ملازم محمد فیاض کو انتخابی امیدوار مسز طلعت محمود کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر نوٹس بھیجا گیا ہے۔ علاوہ ازیں ضمنی انتخابات کے دوران اپنے سرکاری عہدے کا اثرو رسوخ استعمال کرنے پر ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ پولیس، وزیر آباد، رانا محمد اسلام کو الیکشن ایکٹ کے سیکشن 187کے تحت خلاف ورزی کرنے پر الیکشن کمشن کی طرف سے وارننگ جاری کی گئی ہے۔