• news

مریم کی کون  سنے گا‘صفدر کے بھائی سے استعفیٰ نہ لے سکیں‘ یہ پرانی تنخواہ پر کام کرینگے: فواد چودھری

اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے کہا ہے کہ استعفے نہ لانگ مارچ سب پرانی تنخواہ پر کام کرینگے۔ انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ ہر 3 ماہ بعد زرداری اینڈ کمپنی کو لگتا ہے اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں۔ پھر وقت گزر جاتا ہے اور نیا بیان آتا ہے، اگلے 3 ماہ بہت اہم ہیں۔ بلاول کی عدم اعتماد کی بات اور ناکامی۔ 3 سال بعد بھی آپ کا کوئی چانس نہیں۔ زمانہ اور وقت آگے چلا گیا، آپ بہت پیچھے رہ گئے۔ گرد اتنی ہے کہ آپ کو راستہ نہیں مل رہا، کاروبار پر توجہ دیں۔ فواد چودھری نے کہا ہے کہ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم اس وقت خود کڑے وقت سے گزر رہی ہے۔ ان کے استعفوں کا وقت کبھی نہیں آئے گا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز، کیپٹن صفدر کے بھائی سے استعفیٰ نہیں لے سکیں، ان کے کہنے پر کوئی استعفیٰ نہیں دے گا۔ اپوزیشن اسی تنخواہ پر کام کرتی رہے گی۔ اپوزیشن کے جلسوں میں عوام کو کوئی دلچسپی نہیں ہے۔ فواد چودھری کا کہنا تھا کہ آئی ٹی منسٹر کو کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر خطاب کے لیے اپوزیشن رہنماؤں کو ٹیبلٹ دیئے جائیں۔ ان کا وقت ختم ہو چکا ہے۔ یہ پرانے زمانوں کے لوگ ہیں، سیاست آگے بڑھ گئی، یہ لوگ بہت پیچھے رہ گئے ہیں۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہر تین ماہ بعد استعفوں کی تاریخ اب مذاق بن گئی ہے۔ آصف زرداری اور نواز شریف ماضی کا قصہ ہیں، اب نئی سیاست کا دور ہے۔

ای پیپر-دی نیشن