• news

مہنگائی نے عوام کو بے حال کردیا‘سرکاری ملازمین بھی سراپا احتجاج ہیں: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے مطالبہ کیاہے کہ سوشل میڈیا پر اسلام مخالف پراپیگنڈے کا نوٹس لیا جائے اور حکومت اس کو روکنے کے عملی اقدامات کرے۔ اسلامو فوبیا مغرب کا کلچر بن رہاہے۔ ختم نبوت کے عقیدے کے خلاف عالمی سازشیں عروج پر ہیں۔ان خیالات کااظہار انہوںنے سینٹ اجلاس میں شرکت اور بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم عوام کو بے وقوف بنانے کی پالیسی ترک کردیں۔ قوم دونوں کی حقیقت جان گئی۔ ملک کے وسائل پر براجمان قبضہ مافیا، جاگیردار، سرمایہ دار، سب ایک ہیں۔ حکمرانوں کی ترجیحات میں عوامی فلاح و بہبود شامل نہیں۔ سوشل میڈیا پر نوجوانوں کو گمراہ کرنے والے پراپیگنڈا کا نوٹس لیا جائے اور اس پر پابندی لگائی جائے۔ قادیانیوں کو مسلمانوں کا فرقہ ثابت کرنے کے لئے عالمی سازشیں ہورہی ہیں اور بڑی بڑی کمپنیوں کو اس کے لئے استعمال کیا جا رہا ہے۔ مہنگائی کے طوفان نے عوام کو بے حال کردیا۔ زراعت اور صنعت تباہی کے دہانے پر، حکومت سب کچھ پراسیکیوٹنائزکرنا چا رہی ہے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ کراچی میں سٹیل ملز کے ملازمین گزشتہ کئی ہفتوں سے سراپا احتجاج ہیں ان کی کوئی شنوائی نہیں ہو رہی۔ اسلام آباد میں اساتذہ احتجاج کر رہے ہیں۔ ڈاکٹرز بھی سڑکوں پر ہیں۔ سرکاری ملازمین حکومتی پالیسیوں سے ناخوش ہیں۔ کئی اداروں کے ملازمین کو بروقت تنخواہیں نہیں مل رہیں۔ عوام نے سابقہ اور موجودہ حکمرانوں کے خلاف عدم اعتماد کردیا۔ حکومت اور اپوزیشن اتحاد ایک دوسرے کے خلاف لفظی بیان بازی سے کام لے کر عوام کو دھوکہ دینے کی پالیسی پر کاربند ہیں۔ حقیقت میں دونوں ایک ہی سکے کے دو رخ ہیں، قوم ان حکمرانوں کی حقیقت جان چکے ہیں۔ ملک کے وسائل پر قابض اشرافیہ نے عوام کو ریلیف پہنچانے کے لئے کبھی بھی مخلصانہ کوششیں نہیں کیں۔ ان کا مقصد اپنی جیبوں کو بھرنا اور اپنے بچوں کے مستقبل کو محفوظ بنانا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن