سی ڈی ڈبلیو پی فورم نے 3.25 ارب کے 2 منصوبوں کی منظوری دی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) کا اجلاس ڈپٹی چیئرمین پلاننگ کمیشن محمد جہانزیب خان کی زیر صدارت ہوا۔ سی ڈی ڈبلیو پی نے 3.25 ارب روپے مالیت کے 2 منصوبوں کی منظوری دی اور ایک عدد کنسپٹ کلیئرنس پروپوزل جس کی کل مالیت 808 ملین روپے ہے اس پر اتفاق رائے کیا گیا۔اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ مطہر نیاز رانا ، منصوبہ بندی کمیشن اور وفاقی وزارتوں ، ڈویڑنوں کے سینئر عہدیداروں نے بھی شرکت کی جبکہ ویڈیو کانفرنس کے ذریعے صوبائی حکومتوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں ڈیولیوشن اینڈ ایریا ڈویلپمنٹ اور آبی وسائل سے متعلق منصوبے پیش کیے گئے۔اجلاس میں 202.80 ملین روپے کی لاگت کا "تور گار انٹیگریٹڈ ڈویلپمنٹ کے منصوبہ کی منظوری دی گئی اس منصوبے کا مقصد زراعت کے اچھے طریقوں اور قدرتی وسائل کے انتظام کے ذریعہ بہتر بنیادی ڈھانچے کی سہولیات (ڈی ڈبلیو ایس ایس ، آبپاشی چینلز) اور آمدنی کا متبادل ذریعہ فراہم کرکے علاقے کو مقامی انتظامیہ کے لئے قابل رسائی بنانا ہے ، جس سے مجموعی طور پر علاقہ مکین کے معیار زندگی میں بہتری آئے گی۔ اور معاشی ترقی کے لئے سازگار ماحول بھی پیدا ہو گا۔ سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں خضدار بلوچستان میں چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کے لیے 3056.075 ملین روپے کی لاگت کے منصوبے پر اتفاق رائے ہوا۔ اس منصوبے کا مقصد زمینی پانی کی سطح کے طغیانی کے سیلاب کے ذخیرہ کو یقینی بنانا ، مجوزہ ڈیموں کی بہاو میں واقع زراعت کی اراضی کا تحفظ ، سیلاب سے ہونے والے نقصانات کے تحفظ سے حفاظت فراہم کرنا ہے اس منصوبے کے تحت ضلع خضدار ، بلوچستان میں مختلف مقامات پر 10 چھوٹے ڈیموں کی تعمیر کا اعادہ کیا گیا۔ سنٹرل ڈویلپمنٹ ورکنگ پارٹی فورم نے جائیکا کے تحت 808 ملین روپے کی لاگت سے اسلام آباد۔ راولپنڈی نالہ لئی بیسن کے لئے سیلاب کی پیشن گوئی اور انتباہی نظام کی اعلی درجہ بندی اور جدید کاری کے لیے ایک کنسپٹ کلیئرنس مسودہ کی منظوری بھی دی۔