لاہور: 20لاکھ سے زائد کی ڈکیتیاں‘ شیخوپورہ‘ ڈاکوئوں کی فائرنگ سے محنت کش قتل
لاہور+شیخوپورہ (نامہ نگار+نمائندہ نوائے وقت) صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے جبکہ شیخوپورہ میں آبادی ٹھٹھہ نشتر کے قریب 4ڈاکوئوں نے لاہور سے گئے محنت کش کو قتل کر ڈالا۔ لاہور میں ڈاکوؤں نے سند ر کے علاقے میں یا سین کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر5لاکھ 20ہزار روپے مالیت ڈیفنس سی کے علاقے میں عمر کے گھر گھس سے 4لاکھ روپے مالیت، راوی روڈکے علاقے میں امجد اور اس کی فیملی سے گن پوائنٹ پر 3لاکھ روپے80ہزار روپے مالیت، شالیمارکے علاقے میں خلیل اور اس کی فیملی سے2لاکھ 20ہزار روپے مالیت، قلعہ گجر سنگھ کے علاقہ میںبنیا مین کے گھرگھس کر 2لاکھ 10ہزار روپے مالیت، نشترکالونی میں معراج دین اوراس کی فیملی سے ایک لاکھ 95ہزار روپے مالیت، سبزہ زارکے علاقے میں ساجد گھر سے ایک لا کھ 40 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا اور فرار ہو گئے ہیں۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی 4وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اورموبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے بادامی باغ ستوکتلہ کے علاقوں سے دو کاریں جبکہ جنوبی شمالی چھاؤنی، ہنجر وال، کاہنہ اور مصری شاہ کے علاقوں سے چار موٹر سائیکلیں چوری کر لی ہیں۔ شیخوپورہ سرگودھا روڈ کی آبادی ٹھٹھہ نشتر کے قریب علی الصبح چار مسلح ڈاکوؤں نے فائرنگ کر کے نوجوان محنت کش شفقت علی کو اس وقت قتل کر ڈالا جب وہ لاہور سے واپس آکر اپنے گھر جا رہا تھا۔ تھانہ صدر فاروق آباد پولیس نے مقتول کی لاش پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ مقتول کی چند روز بعد شادی ہونے والی تھی جس وجہ سے وہ لاہور سے اپنے گھر آیا تھا اور اس کے پاس بھاری رقم بھی تھی۔ پولیس ذرائع کے مطابق شفقت کی ہلاکت کی تفتیش ڈکیتی رشتہ کے تنازعہ سمیت تمام پہلوؤں سے کی جا رہی ہے۔