• news

پٹرولیم مصنوعات پر او ایم سی ، ڈیلر مارجن میں اضافہ کی سمری تیار، دال چنا، کالے سفید چنے مہنگے

لاہور‘ اسلام آباد (کامرس  رپورٹر‘ خصوصی نمائندہ) مقامی تھوک منڈی میں گزشتہ روز  دال چنا، کالے چنے اور سفید چنے کی قیمت میں پانچ پانچ روپے فی کلو اضافہ ہو گیا۔  دال چنا اول کی قیمت 125 سے بڑھ کر  130 روپے فی کلو، ہلکی دال چنا کی قیمت 115 سے بڑھ کر  120 روپے فی کلو، کالے چنے کی فی کلو قیمت 120 سے بڑھ کر  125 روپے فی کلو اور سفید چنے کی قیمت 100 روپے سے بڑھکر  120 روپے فی کلو ہو گئی۔ گزشتہ روز زیادہ تر سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میںکوئی نمایاں کمی بیشی نہیں ہوئی۔ تاہم اوپن مارکیٹ میں پرچون میں  کہیں بھی سرکاری طور پر جاری نرخنامہ کے مطابق سبزیاں اور پھل فروخت نہیں ہوئے۔  ملک کی بعض مارکیٹوں میں ٹماٹر کی قیمت میں 20 روپے کی کمی  آئی ہے لیکن لاہور منڈی میں کوئی کمی نہیں آئی۔  تھوک مارکیٹ میں چینی کی فی کلو قیمت کم ہو کر 86 روپے کی سطح پر آگئی جبکہ پرچون میں اس کا ریٹ 90 سے 100 روپے کے درمیان رہا۔ دریں اثنائحکومت نے عوام پر پٹرولیم مصنوعات کا ایک اور اضافی بوجھ ڈالنے کی تیاری کر لی ہے۔ پٹرول اور ڈیزل پر او ایم سی اور ڈیلر مارجن بڑھانے کی سمری تیارکرلی۔ پٹرول پر او ایم سی مارجن میں 45 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویزکی ہے۔ سرکاری دستاویز کے مطابق پٹرول پر ڈیلرز مارجن میں 58پیسے اضافے کی تجویز کی گئی ہے۔ ہائی سپیڈ ڈیزل پر او ایم سی مارجن میں 45پیسے فی لٹر اضافے کی‘ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 50پیسے بڑھانے کی تجویز کی گئی۔ پٹرول پر او ایم سی مارجن 2روپے 81پیسے سے3 روپے 26پیسے کرنے کی‘ پٹرول پر ڈیلرز مارجن 3روپے 70پیسے سے 4روپے 28پیسے فی لٹرکرنے کی‘ ڈیزل پر او ایم سی مارجن 2روپے 81پیسے سے 3روپے 26پیسے کرنے کی‘ ہائی سپیڈ ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 3روپے 12پیسے سے 3روپے 62پیسے کرنے کی تجویز ہے جس کی سمری تیار کرلی گئی۔ ملک میں سیمنٹ مینوفیکچررز نے گذشتہ 29 روز کے دوران 50 کلو سیمنٹ کی بوری کی قیمت میں 30 روپے اضافہ کیا ہے جس سے سیمنٹ کی بوری کی قیمت جو 550روپے سے 565 روپے تھی اب بڑھ کر 580روپے سے 595 روپے تک بڑھ گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن