• news

اقلیتوں کیساتھ مودی کے سلوک سے بھارت میں پھوٹ پڑ گئی: طاہر اشرفی

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی حافظ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ  مودی سرکار اقلیتوں اور عوام کے ساتھ جو سلوک کر رہی ہے اس سے بھارت میں پھوٹ پڑی ہے۔ بھارت کے نام نہاد یوم جمہوریہ کے موقع پر کسانوں کا لال قلعہ پر اپنا مذہبی جھنڈا لہرانا اس کا واضح ثبوت ہے۔ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ احتساب کا نظام تیز ہو اور بدعنوان عناصر کے خلاف کیسز اپنے منطقی انجام کو پہنچیں۔ نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان چاہتے ہیں کہ چیزیں واضح ہوں۔ براڈ شیٹ اور حدیبیہ پیپر مل کا معاملہ ہو تحقیقات ہونی چاہیئں۔ تمام سیاسی جماعتیں اپنے فنڈز کے بارے الیکشن کمشن آف پاکستان کو بتاتی ہیں۔ الیکشن کمشن آف پاکستان کو چاہیے کہ وہ اس حوالے سے مکمل تحقیقات کرے کہ پیسے کہاں سے آئے۔ جلسے اور اجتماعات کیسے ہوئے ہیں۔ ایم این اے اور ایم پی ایز اپنے حلقوں میں کروڑوں روپے لگاتے ہیں لیکن کبھی تحقیقات نہیں ہوئیں۔ آن لائن امتحان شفاف نہیں ہو سکتے لیکن اگر کرونا کی صورتحال بگڑتی ہے تو اس کیلئے بھی بہترین طریقہ کار وضع کرنا چاہیے۔ دریں اثناء حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ سعودی عرب کا امن و سلامتی امت مسلمہ کو بہت عزیز ہے‘ سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے مسلسل حملے ناقابل قبول ہیں۔ منگل کو اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ عالمی قوتوں اور اسلامی تعاون کی تنظیم کو فوری اقدامات کرنے ہوں گے۔ ارض حرمین شریفین اور اس کی قیادت امت مسلمہ کے لئے خط احمر ہے۔

ای پیپر-دی نیشن