سابق امریکی باسکٹ بال کھلاڑی سٹیفن جیسن نے اسلام قبول کرلیا
لاہور (سپورٹس ڈیسک) نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن کے سابق کھلاڑی سٹیفن جیک سن نے اسلام قبول کر لیا۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم انسٹاگرام پر دین اسلام قبول کرنے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انتہائی مسرت کا اظہار کیا۔ ریاست ٹیکساس کے شہر ہیوسٹن میں پیدا ہونے والے 42 سالہ سٹیفن جیک سن نے 1997ء میں باسکٹ بال کیریئر کا آغاز کیا اور 2014ء میں ریٹائر ہوئے تھے۔ انہوں نے نیشنل باسکٹ بال ایسوسی ایشن میں 14 سیزن تک کھیلا اور 12976 پوائنٹس سکور کرنے کیساتھ ساتھ ساتھی کھلاڑیوں کو ٹیم کیلئے 2634 پوائنٹس سکور کرنے میں مدد دی۔ انہوں نے ری بائونڈ پر بھی 3328 پوائنٹس سکور کیے۔ اب انہوں نے باضابطہ طور پر دائرہ اسلام میں داخل ہونے کا اعلان کیا ہے۔ وہ اپنے کیریئر میں نیوجرسی نیٹس، انڈیانا پیسرز، گولڈن سٹیٹ واریئرز، ملواکی بکز، شارلوٹ بوب کیٹس، سین اینٹونیو سپرز اور لاس اینجلس کلپرز کی جانب سے ایکشن میں دکھائی دئیے۔ وہ 2003ء میں این بی اے ٹائٹل جیتنے والے سین اینٹونیو سپرز کی ٹیم کا بھی حصہ رہے۔