سٹیل ملز کی ذیلی کمپنی کو ملکیت کی منتقلی کے بغیر ٹرانسفر کئے جائیں گے،میاں سومرو
اسلام آباد(نیوزرپورٹر)وفاقی وزیر نجکاری محمدمیاں سومرو اور صنعت و پیداوار کے وفاقی وزیر حماد اظہر کی مشترکہ صدارت میں منعقدہ اجلاس کے دوران پاکستان سٹیل ملز(پی ایس ایم)کی بحالی کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس منگل کو یہاں وفاقی وزرا کی مشترکہ صدارت میں منعقد ہوا جس میں نجکاری کے وفاقی سیکرٹری، ایڈیشنل سیکرٹری انڈسٹریز سمیت متعلقہ وزارتوں کے اعلی حکام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر نجکاری محمد میاںسومرو نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان سٹیل ملز کی بحالی کا عمل کابینہ کی کمیٹی برائے نجکاری کے فیصلہ کی روشنی میں کیا جائے گا اور پی ایس ایم کے اثاثہ جات پاکستان سٹیل ملز کی ذیلی کمپنی کو ملکیت کی منتقلی کے بغیر ٹرانسفر کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت نجکاری نے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی پہلے سے ہی منظور دیدی ہے اور اس حوالہ سے اہم اجلاس منعقد ہو گا۔ اجلاس کے دوران وفاقی وزرا کو سٹیل ملز کی بحالی کے حوالہ سے بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ ادارہ کے اثاثہ جات ایک نئی ذیلی کمپنی کو منتقل کرنے کیاقدامات کئے جا رہے ہیں جو 31 جنوری 2021 تک مکمل ہو جائیں گے۔ مزید برآں اجلاس میں جیٹی کے استعمال ،نئی ذیلی کمپنی کی رجسٹریشن کے علاوہ دیگر امور پر بھی غور کیا گیا۔ وفاقی وزرا نے کہا کہ ہم مقررہ نظام الاوقات پر عملدرآمد کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں اور اثاثہ جات کی منتقلی کا عمل مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔ دونوں وفاقی وزرا نے اس حوالہ سے ہر طرح کی ممکنہ معاونت کا یقین دلایا۔