پی ٹی آئی کے پاکستان میں لاکھوں لوگ ایک وقت کے کھانے کو ترس رہے ہیں: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار)سراج الحق نے کہا ہے کہ بائیس کروڑ عوام مہنگائی کے سونامی، حکمرانوں کی نااہلی اور ناکامی کے سامنے بے بس ہو گئے ہیں۔ پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سالوں میں معیشت اور معاشرت تباہ کردی۔ حکومت ملک کی خود مختاری، شناخت اور اداروں کو بیچ دو کی پالیسی پر کاربند ہے۔ مدینہ کی ریاست میں کوئی بھوکا نہیں سوتا تھا۔ پی ٹی آئی کے پاکستان میں لاکھوں لوگ ایک وقت کے کھانے کے لئے ترس رہے ہیں۔ اداروں کی نج کاری کی پالیسی نامنظور، بھرپور مزاحمت کریں گے۔ وزیراعظم اپنے وعدوں اور دعووں کو یاد کریں۔ اگر ملک کو پٹڑی پر ڈالنے کی ہمت اور سکت نہیں ہے تو گھر چلے جائیں۔ عوام موجودہ و سابقہ حکمرانوں کے خلاف مکمل عدم اعتماد کرنے کے لئے تیار بیٹھے ہیں۔ پاکستانیوں کے لئے کرونا ویکسین کا فی الفور انتظام کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینٹ اجلاس میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے اسلامی نظریاتی کونسل کے غیر مؤثر ہونے پر سینٹ میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا۔ اسلامی نظریاتی کونسل اس وقت غیر فعال ادارہ بن چکا ہے۔ ممبران کی نشستیں خالی ہیں۔ حکومت اس ادارے کو بچائے اور اس میں تقرریاں کرے۔ اس کی تشکیل آئین کا تقاضا ہے۔ حکومت نے لاکھوں گھروں کی تعمیر اور ایک کروڑ نوکریاں فراہم کرنے کا دعویٰ کیا اور عوام کو دھوکا دیا۔ پاکستان کو مدینہ کی ریاست میں تبدیل کرنے کے دعوے سے لے کر براڈشیٹ سکینڈل کی تحقیقات تک حکومت نے ایک بھی ایسی بات نہیں کی جس میں سنجیدگی اور اخلاص دکھائی دے۔