• news

عظمت سعید سازش کے کرتا دھرتا ، کمشن سے الگ ہوجائیں  ورنہ حائق سامنے لانے پر مجبور ہونگے: مریم نواز

لاہور ( نیوز رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ پاکستان کا سب سے بڑا قبضہ مافیا عمران خان ہے۔کفر کا نظام چل سکتا ہے ظلم کا نظام نہیں چل سکتا۔ ظلم‘ جبر اور انتقام کے باوجود مسلم لیگ (ن)  متحد ہے۔ جسٹس (ر) عظمت سعید کو براڈ شیٹ کمشن سے خود ہی عزت کے ساتھ الگ ہو جانا چاہئے۔ ورنہ  مزید حقائق سامنے لانے پر  مجبور ہو جائینگے۔  بلاول  بھٹو تحریک عدم اعتماد کے متعلق پہلے نمبرز شو کریں۔ امید ہے وہ پی ڈی ایم کے اجلاس میں نمبرز شو کریں گے۔ مسلم لیگ کی تاریخ میں یہ پہلی دفعہ ہوا کہ جبر کے سامنے ڈٹ گئی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹاؤن میں کھوکھر برادران کی رہائش گاہ آمد پر میڈیا کے نمائندوں  سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مریم نواز نے مزید کہا میں یہاں میاں نوازشریف  کی ہدایت پر کھوکھر برادران سے اظہار یکجہتی کرنے آئی ہوں۔ یہ ناکامی عمران خان اور اس  کے حواریوں کو برداشت کرنا پڑی۔ تحریک انصاف ون مین شو پارٹی ہے۔ جب وہ انسان ختم ہوگا پارٹی ختم ہو جائے گی۔  آئندہ جنرل الیکشن میں کوئی تحریک انصاف کی ٹکٹ لینے کو تیار نہیں ہوگا۔ جو حالات پیدا ہو رہے ہیں ان کو اپنی پارٹی پر توجہ دینی چاہئے۔ چار سال سے جبر کے ہتھکنڈے  اپنانے کے باوجود بھی مسلم لیگ (ن) کو توڑ نہیں سکے۔ پی ڈی ایم  میں اس وقت مثالی کوآرڈی نیشن ہے۔ اس میں کوئی اختلاف نہیں ہے‘  اختلاف  کو افہام و تفہیم سے حل کرتے ہیں۔ یہ حکومت کی خواہش ہی ہو سکتی ہے کہ پی ڈی ایم میں جھول نظر آ جائے۔ یہ براڈ شیٹ نہیں فراڈ شیٹ ہے۔ جسٹس عظمت سعید صاحب کو کون نہیں جانتا‘  جس طرح انہوں نے پاناما لیکس کی جے آئی ٹی بنائی۔ انہوں نے وٹس ایپ کالز کی‘ اس کے بانیوں میں ان کا نام شامل ہے۔ انہوں نے اپنی ذاتی ناپسند اور پسند پر اداروں کو وٹس ایپ کالز کرکے نام شامل کرائے۔  منتخب حکومت کیخلاف جو سازش ہوئی اس کے  وہ کرتا دھرتا تھے۔ جس وقت یہ فراڈ شیٹ والا معاملہ سامنے آیا جسٹس عظمت سعید نیب  کے پراسیکیوٹر تھے۔ فاروق آدم خان  نے کل سارا براڈ شیٹ کا ڈرامہ بے نقاب کر دیا ہے۔ نوازشریف کیخلاف کھیلا جانے والا کھیل اب ان کیخلاف الٹا پڑ گیا ہے۔ پاکستانیوں کے خون پسینے کا پیسہ لندن ہائی کمیشن کے اکاؤنٹ میں بھیجا گیا تاکہ وہ پیسے ضبط ہو جائیں۔ اپنی ناکامی کو بچانے کیلئے وہ رقم ضبط کروائی۔ اس حکومت کے بڑے بڑے افسر موسوی سے کمیشن مانگ رہے تھے۔ ان لوگوں  نے پاکستان کو عالمی سطح پر بدنام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ براڈ شیٹ کے معاملے کو پہلے عمران خان نے خود اٹھایا پھر جب اپنے منہ پر ہی آئی تو کہا میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ انہوں نے مزید  کہا کہ شہباز شریف کے دور میں افسران کی میرٹ پر تعیناتیاں ہوتی تھیں لیکن  اب افسر کی کارکردگی صرف اپوزیشن کیخلاف استعمال ہونے پر ہی دیکھی جاتی ہے۔ بیوروکریسی کو بھی حکومت کے احکامات سوچ سمجھ کر ماننا چاہئے۔ ایک سوال کے جواب میں مریم نواز نے کہا مسلم لیگ (ن) اس حکومت کو اتنی جلدی سے جانے نہیں دے گی۔ کل کو یہ نہ کہیں کہ ہمارے خلاف سازش ہوگئی ہے۔ وزیراعظم ہاؤس یا ایوان صدر کو گروی رکھنے کی بجائے عمران خان بنی گالہ کو گروی  رکھ لیں۔مریم نواز نے مزید کہا کہ پنجاب میں عدم اعتماد لا کر انہیں سیاسی شہید نہیں بننے دینگے‘ انہوں نے بختاور کی شادی کے حوالے سے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ 

ای پیپر-دی نیشن