• news

بھارتی کسانوں کا متنازعہ قوانین کیخلاف احتجاج جاری، ملک گیر بغاوت ہوسکتی ہے: امریکی میڈیا

نئی دہلی (این این آئی) بھارتی یوم جمہوریہ کے موقع پر تاریخی لال قلعہ پر چڑھائی کرنے والے ہزاروں کسانوں نے بدھ کو ایک مرتبہ پھر دارالحکومت کے باہر ڈیرے ڈال دیئے ہیں۔ دو ماہ سے جاری اس احتجاج کے سب سے پرتشدد دن گزشتہ روز مظاہروں میں ایک شخص ہلاک اور 80 سے زائد پولیس اہلکار زخمی ہو گئے تھے۔ نئے زرعی قوانین کی منسوخی کا مطالبہ کرنے والے مظاہرے اب بغاوت کی شکل اختیار کرتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی حکومت کے لیے بڑا چیلنج بن گئے ہیں۔ نئی دہلی پولیس کے افسر انٹو الفونسو نے  کہا کہ اب صورتحال معمول کے مطابق ہے، مظاہرین دارالحکومت کی سڑکوں سے چلے گئے ہیں۔ مظاہرین کے رہنما یوگیندر یادو نے کہا کہ گوکہ اس کو سبوتاژ کیا گیا ہے لیکن ہم پھر بھی ذمہ داری سے نہیں بچ سکتے۔ دوسری بار اقتدار میں واپس آنے کے بعد سے مودی حکومت کو مسلسل متعدد چیلنجز کا سامنا ہے۔ بھارت میں کسانوں کی حالیہ تحریک بغاوت کی شکل اختیار کرکے پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لے سکتی ہے۔ اس بات کا خدشہ امریکی میڈیا نے اپنی ایک رپورٹ میں کیا ہے۔ رپورٹ میں لکھا گیا 2019  میں دوسری بار برسر اقتدار آنے کے بعد نریندر مودی کی پالیسیوں کے باعث بھارت میں داخلی بے چینی بڑھتی جارہی ہے۔ مودی حکومت کی جانب سے پہلے کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے کا یک طرفہ اقدام اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ورزی نے بھارت کو بین الاقوامی سطح پر مسائل سے دو چار کیا۔ اسی برس مودی سرکار نے شہریت کا متنازع قانون بنایا جس میں مسلمانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ مودی حکومت کرونا وائرس کے معاشی و سماجی اثرات کا مقابلہ کرنے میں بھی ناکام رہی اور متنازعہ زرعی قوانین کی منظوری کے بعد مودی حکومت نے بھارت میں بڑھتی ہوئی بے چینی کو کئی گنا بڑھا دیا ہے۔ زرعی ماہر اور سماجی کارکن دیویندر شرما نے امریکی خبر رساں ادارے سے بات کرتے ہوئے کہا کسان صرف اصلاحات کے لیے احتجاج نہیں کررہے بلکہ یہ تحریک بھارت کے پورے معاشی ڈھانچے کو تبدیل کر دے گی۔

ای پیپر-دی نیشن