کرونا : مزید 74اموات، ویکسین اگلے ہفتے سے شروع ہوگی، رجسٹریشن کا طریقہ کار جاری
اسلام آباد، لاہور (خصوصی نمائندہ+ نیوز رپورٹر+ شنہوا+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان میں کرونا کے مزید ایک ہزار 563 کیسز، 74 افراد جاں بحق، جبکہ مجموعی طورپر 11 ہزار 450 زندگی کی بازی ہار گئے۔ مزید 2 ہزار 81 مریض شفایاب ، متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 5 لاکھ 37 ہزار 477 ہوچکی ، مجموعی شفایاب، 4 لاکھ 92 ہزار 207 مریض صحتیاب ہوئے۔ ملک میں 33 ہزار 820 فعال کیسز ہیں۔ صوبہ سندھ میں مزید 739 کیسز، 25 مریضوں کے انتقال، صوبہ پنجاب میں 497 نئے کیسز، مزید 38 مریض لقمہ اجل بنے،صوبہ خیبرپی کے میں مزید 213 افراد متاثر،9 مریضوں کا انتقال،صوبہ بلوچستان میں11 کیسز رپورٹ، اموات 193 پر برقرار ہیں۔ اسلام آباد میں مزید 80 کیسز، ایک مریض کا انتقال ہوا۔ آزاد کشمیر میں مزید 22 متاثر، مزید ایک مریض انتقال کرگیا۔ گلگت بلتستان میں متاثرہ مریضوں میں ایک فرد کا اضافہ، مرنے والوں کی تعداد 102 پر برقرار ہے۔ علاوہ ازیں این سی او سی اجلاس میں بتایا کہ عوام کو ویکسینیشن کے لیے 8 طریقہ کار پر عمل درآمد کرنا ہوگا۔ پہلے مرحلے میں تمام شہری بمعہ فرنٹ لائن ہیلتھ کیئر ورکرز ایس ایم ایس ’1166‘ پر اپنا قومی شناختی کارڈ نمبر بھیجیں گے یا رجسٹریشن کے لیے نیشنل امیونائزیشن منیجمنٹ سسٹم کی ویب سائٹ کا استعمال کریں گے۔ 2 ۔ تصدیق کے بعد موجودہ پتے کی بنیاد پر نامزد آڈلٹ ویکسین سینٹر اور پن کوڈ شہریوں کو بذریعہ ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔ 3۔ نامزد اے وی سی شہریوں کی موجودہ تحصیل سے باہر ہے تو شہری 5 دن کے اندر ویب پورٹل یا 1166 ہیلپ لائن پر کال کرکے اپنا اے وی سی تبدیل کرسکتا ہے۔ 4 ۔ مقررہ ویکسین سینٹر پر ویکسین دستیابی پر اپوائنٹمنٹ کی تاریخ سے قبل شہریوں کو ایس ایم ایس بھیجا جائے گا۔5 ۔کامیاب رجسٹریشن کے بعد شہری اپنا شناختی کارڈ اور موصول شدہ پن کوڈ (لازمی) کے ساتھ مقررہ تاریخ اور وقت پر اے وی سی آئیں گے۔ 6۔ ویکسین سٹاف شناختی کارڈ اور پن کوڈ کی تصدیق کرے گا۔7 ۔ شہریوں کو ویکسین لگائی جائے گی اور انتظامیہ تفصیلات کا اندراج کرے گی، شہری کو ایس ایم ایس کے ذریعے تصدیقی پیغام بھیجا جائے گا، ویکسین کے بعد 30 منٹ تک شہری کو نگرانی کے لیے وہاں موجود رہنا ہوگا۔ 8۔ اس طریقہ کار سے وفاقی، صوبائی اور ضلعی محکمہ صحت کیلئے ریئل ٹائم ڈیش بورڈ خود کار طریقے سے تیار ہوگا۔ پاکستان کو ویکسین کی فراہمی کے بعد رجسٹریشن کا باقاعدہ عمل شروع کیا جائے گا۔ تعلیمی اداروں سے متعلق اجلاس میں غور کیا گیا اور یکم فروری سے جامعات اور پرائمری اور مڈل سکولز کھولنے کے فیصلے کی توثیق کی گئی۔ دنیا بھر میں کیسز 10 کروڑ سے بڑھ گئے۔ امریکہ میں ویکسین کے لئے نوجوانوں کی قطاریں لگ گئیں۔ برطانیہ میں اموات ایک لاکھ سے تجاوز کر گئیں۔ کرونا وائرس کے بڑھتے کیسز‘ شہر کے مزید 16 علاقوں میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگانے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ 16 ہاٹ سپاٹ علاقوں میں فوری مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگے گا۔ تفصیلات کے مطابق جوہر ٹاؤن کے بی بلاک‘ سیکٹر اے ون‘ ٹاؤن شپ‘ سٹریٹ بی ایڈن سٹی‘ 21 اے امجد خورشید روڈ‘ سٹریٹ 4 عسکری ٹین‘ سٹریٹ 55 ای بلاک ڈی ایچ اے فیزون‘ سٹریٹ 35 ڈی ایچ اے فیز تھری‘ 90 بی جی اوار تھری‘ سیکٹر بی ہائٹس عسکری الیون‘ سٹریٹ 38 عسکری الیون‘ رضا بلاک‘ رچنا بلاک‘ کریم بلاک‘ نیو مسلم ٹاؤن‘ سٹریٹ 37 مجاہد آباد میں مائیکرو سمارٹ لاک ڈاؤن لگے گا۔ ضلعی انتظامیہ نے محکمہ ہیلتھ اور پولیس کو الرٹ رہنے کیلئے مراسلہ ارسال کر دیا۔ فیصل آباد میں کرونا کے وار تیز‘ مزید 8 مریض چل بسے۔ کرونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے صوبہ پنجاب ملک بھر میں پہلے جبکہ صوبہ سندھ دوسرے نمبر پر ہے۔ صوبہ سندھ میں کروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد17861، صوبہ پنجاب10681، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد1533، صوبہ بلوچستان257، آزاد جموں وکشمیر322جبکہ گلگت بلتستان میں کروناوائرس کے فعال کیسز کی تعداد20رہ گئی ۔دنیا بھر میں کرونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10 کروڑ 8 لاکھ 39 ہزار 430 تک جا پہنچی ہے جبکہ اموات 21 لاکھ 67 ہزار 167 ہو گئیں۔ سندھ میں 14 کرونا ویکسینیشن سینٹرز قائم کر دیئے گئے، ویکسین کیلئے کراچی میں 9 اور دیگر 5 شہروں میں ایک ایک سینٹر بنائے گئے ہیں۔ ویکسینیشن سینٹرز میں تربیت یافتہ عملہ اور سامان پہنچا دیا گیا۔ محکمہ صحت سندھ نے ابتدائی طور پر ویکسین خریداری کیلئے ڈیڑھ ارب روپے مختص کئے ہیں۔ چین کی کرونا وائرس کے ٹیسٹ کرنے کی روزانہ کی صلاحیت1کروڑ 50لاکھ نمونوں سے بڑھ گئی ہے۔ انہوں نے مقامی حکام پر زور دیا کہ وہ ٹیسٹ کرنے کی اپنی صلاحیت بہتر بنائیں، ٹیسٹ لاگت کم کرنے کیلئے نئے راستے تلاش کریں، اور ٹیسٹ کرانے والے لوگوں کیلئے سہولت میں اضافہ کریں۔ بین الاقوامی قانون کے ایک برازیلین پروفیسر ایوانڈرو مینیزز نے کہا ہے کہ نوول کرونا وائرس کی عالمی وبا کے دوران عالمی عوامی صحت کے مسائل پر چین کی جانب سے تعاون کیلئے رضامندی "بین الاقوامی تعلقات میں ایک نئی مثال" ہے۔ ایک اہم معاشی تھنک ٹینک گیٹولیووارگاس فانڈیشن (ایف جی وی) میں نیوکلیس فارچائنا۔ برازیل سٹڈیزمیں کوآرڈینیٹرکے طورپر خدمات انجام دینے والے مینیزز نے کہاکہ چین نی عالمی وبا سے نمٹنے کیلئے100سے زائد ممالک کے ساتھ تعاون کیا۔وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر نے اگلے ہفتے سے ویکسینیشن شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے فرنٹ لائن ہیلتھ ورکرز کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا ہے کہ پاکستانی میں 600ویکسینیشن سیٹنرز قائم کر دئیے گئے ہیں۔