نئی اسمبلی بلڈنگ میں قائد‘ اقبال کے پورٹریٹس کا مقصد انہیں خراج عقیدت پیش کرنا ہے: پرویز الٰہی
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ لیڈی رپورٹر) سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویزالٰہی نے پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ اقبال اور پاکستان کے تاریخی مقامات کی تصاویر فائنل کرنے کیلئے نیشنل کالج آف آرٹس کا دورہ کیا۔ پرنسپل سید مرتضیٰ جعفری اورکالج کی انتظامیہ نے سپیکر پنجاب اسمبلی کا استقبال کیا اور طلبہ کے فن پارے بھی دکھائے۔ سیکرٹری پنجاب اسمبلی محمد خان بھٹی اور جی ایم سکندر بھی ہمراہ تھے۔ پرویزالٰہی نے قائداعظم، علامہ اقبال اور تاریخی مقامات کے فن پارے دیکھ کر طلباء کی کارکردگی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی کی نئی بلڈنگ میں بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح اور شاعر مشرق علامہ محمد اقبال کے نئے پورٹریٹ آویزاں کرنے کا مقصد ان عظیم ہستیوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے۔ پرویزالٰہی پنجاب کے کلچر کو اجاگر کرنے کیلئے بنائی گئی پینٹنگز سے بھی بہت متاثر ہوئے۔ دریں اثناء تحریک انصاف کی ممبر پنجاب اسمبلی عظمیٰ کاردار نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کو جنس واضح نہ ہونے والے نوزائدہ بچوں کیلئے قانون سازی کرنے کی اپیل کر دی۔ انہوں ایک خط کے ذریعے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ کو پیدائشی طور جنس واضح نہ ہونے والے بچوں کیلئے قانون سازی کرنے کی اپیل کی ہے۔ جس پر سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہیٰ نے ایم پی اے عظمیٰ کاردار کو یقین دلایا ہے کہ وہ نہ صرف جنس واضح نہ ہونے والے بچوں کیلئے قانون سازی کرانے میں اپنا کردار ادا کریں گے بلکہ برتھ ڈیفیکٹس فاؤنڈیشن کی بھی پنجاب حکومت کی طرف سے ہر ممکن مدد کریں گے۔