اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے حکومت مدت پوری کریگی: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے وزیراعلیٰ آفس میں مسلم لیگ ن کے رکن پنجاب اسمبلی محمد ارشد نے ملاقات کی۔ محمد ارشد نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اعتماد کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے محمد ارشد کو حلقے کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی اور مسائل کے حل کیلئے موقع پر ہی احکامات جاری کئے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اراکین پنجاب اسمبلی میرے دست و بازو ہیں، انہیں عزت و احترام دیں گے۔ اپوزیشن جتنا مرضی شور مچا لے‘ حکومت مدت پوری کریگی۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مقامی ہوٹل میں صوبے میں ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤکے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کی خصوصی مہم کا آغاز یکم فروری سے ہوگا۔ 15فروری تک جاری رہنے والی مہم میں پہلے مرحلے میں 12اضلاع کے 9ماہ سے 15برس تک کے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگائے جائیںگے جبکہ مئی میں دوسرے مرحلے میں 24اضلاع میں مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ ہماری حکومت نے میانوالی، اٹک، بہاولنگر، سیالکوٹ، راجن پور، لیہ اور لاہور میں 7نئے زچہ و بچہ ہسپتالوں کی تعمیر پر کام شروع کر رکھا ہے۔ چلڈرن ہسپتال لاہور میں یونیورسٹی آف چائلڈ ہیلتھ کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ مرحلہ وار نئے میڈیکل کالجز اور یونیورسٹیاں بنائی جائیں گی۔ پرائم منسٹر ہیلتھ اینیشیٹیوکے تحت8 اضلاع اٹک، چنیوٹ، ڈی جی خان، میانوالی، جھنگ، قصور، لودھراں اور راجن پورکے ہسپتالوں کی اپ گریڈیشن کے لیے 8ارب روپے کی خطیر رقم خرچ کی جارہی ہے۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے شعبہ صحت کے حوالے سے کیے گئے ہر اقدام کو پورا سپورٹ کیا ہے جس پر میں ان کی شکر گزار ہوں ۔صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس نے کہا کہ بچوں کو ٹائیفائیڈ سے محفوظ رکھنے کیلئے یہ زبردست پروگرام ہیں کیونکہ بچے ہی ہمارا مستقبل ہیں۔ ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کے نمائندے ڈاکٹر محمد اسامہ نے کہا کہ پنجاب حکومت کا یہ شاندار اقدام ہے اور ٹائیفائیڈ کی یہ ویکسین مکمل طورپر محفوظ ہے۔ یونیسف کے نمائندے ہری کرشنا بنسکوٹہ نے کہاکہ محکمہ صحت نے ٹائیفائیڈ سے بچاؤ کیلئے بہترین پروگرام شروع کیا ہے جس پر میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور ان کی پوری ٹیم کو تحسین پیش کرتا ہوں۔ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد،صوبائی وزیر سکولز ایجوکیشن مراد راس، مشیر برائے صحت حنیف پتافی، معاون خصوصی اطلاعات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان، سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ کیپٹن (ر) محمد عثمان، ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن، یونیسف اور اعلی حکام نے تقریب میں شرکت کی۔