لیزنگ کمپنی سے معاملات طے، ملائیشین عدالت میں کیس خارج : طیارہ پی آئی اے کے حوالے
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ملائیشیا میں ضبط کئے گئے پی آئی اے طیارہ کا کیس کوالالمپور کی مقامی عدالت نے خارج کر دیا۔ دونوں فریقین معاملہ آئوٹ آف کورٹ طے کرنے پر متفق ہو گئے۔ جہاز قومی ایئرلائن کے حوالے کر دیا گیا۔ جہاز کل دوپہر کوالالمپور سے واپس وطن لایا جائے گا۔ مسافروں کی بکنگ بھی شروع کر دی گئی۔ ملائیشیا میں عدالتی حکم پر ضبط کیا گیا پی آئی اے بوئنگ 777 جہاز، بڑی پیش رفت سامنے آ گئی۔ پی آئی اے کے زیر استعمال جہاز کی غیر ملکی لیزنگ کمپنی اور قومی ایئرلائن انتظامیہ کے درمیان معاملات طے پاگئے۔ فریقین نے لیزنگ رقم کے معاملات آئوٹ آف کورٹ طے کرنے پر مفاہمت کرنے پر، عدالت نے لیزنگ کمپنی کا حکم امتناع خارج کر دیا۔ انتظامیہ نے جہاز کو29 جنوری بروز جمعہ وطن واپس لانے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ جہاز کی واپسی کیلئے پی آئی اے کا فضائی عملہ غیر ملکی پرواز کے ذریعے کراچی سے کوالالمپور پہنچ گیا۔ ترجمان پی آئی اے کے مطابق جہاز کو خالی واپس نہ لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جہاز جمعہ کی صبح پاکستانی وقت کے مطابق 8 بجے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گا۔ پرواز پی کے895 جمعہ کی دوپہر دو بجے کے قریب مسافروں کو لیکر اسلام آباد پہنچے گا۔ ادھر ذرائع کا کہنا ہے ملائیشیا کی مقامی عدالت میں لیزنگ کمپنی کی جانب سے پی آئی اے کے ذمہ ایک کروڑ 40لاکھ ڈالر واجب الادا ہونے کی درخواست دائر کی گئی تھی جبکہ پی آئی اے نے 70لاکھ ڈالر جہاز لیز کی مد میں ادا کر دیئے جبکہ باقی ادائیگیاں بھی جلد کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے جبکہ اس کے ساتھ ملائیشیا میں جہاز کی ضبطگی کے بعد پارکنگ چارجز کی مد میں بھی 52لاکھ روپے کی رقم ادا کرنا پڑے گئے۔ زرائع نے مزید بتایا کہ لیزینگ کمپنی سے لیے گئے پی آئی اے جہاز کے معاہدے کی مدت رواں سال جون میں ختم ہو رہی ہے اور پی آئی اے نے جہاز کی لیزنگ میں توسیع نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔