• news

اردن کے ساتھ دفاعی شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں: آرمی چیف

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) اردن  کی مسلح افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل  یوسف احمد آل ہنیتی نے گزشتہ روز چئیرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا  اور  چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کے ساتھ  دوران ملاقات باہمی دلچسپی، پیشہ ورانہ امور  اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان ، برادر ملک اردن کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے اور پاک فوج، اردن کی مسلح افواج  کے ساتھ دفاع و سلامتی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ کی متمنی ہے۔ مہمان جنرل نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ استعداد اور خطہ میں امن و استحکام کیلئے اس کے کردار کو سراہا۔  اردنی جنرل کی جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز میں جنرل ندیم رضا سے ملاقات ہوئی۔ اس موقع پر پیشہ ورانہ امور  زیر غور آئے اور  دفاع و سلامتی کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دینے کے امور پر بات چیت کی گئی۔ طرفین نے عالمی اور علاقائی امن و استحکام کی صورتحال پر بھی تبادلہ خیالات کیا۔ اردنی جنرل نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کی تعریف کی۔ جوائنٹ سٹاف ہیڈ کوارٹرز آمد پر  انہیں  سلامی پیش کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن