پی ٹی آئی کی صفوں میں دراڑ پڑ چکی ہے: احسن اقبال
اسلام آباد (نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما احسن اقبال نے کہا ہے کہ بوگس ریفرنس صرف کردار کشی کرنے کے لیے بنائے گئے ہیں۔ جہاں پی ٹی آئی کی بات آئے وہاں نیب کی آنکھوں پر پٹی بندھی ہے۔ نیب کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں اس پر کہوں گا عجب کہہ رہے ہو بھائی۔ نیب کی ایک آنکھ بند ہے، دوسری آنکھ سے صرف اپوزیشن پر نظر ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ آج پی ٹی آئی کی صفوں میں دراڑ پر چکی ہے۔ وزرا کی بدحواسیاں اور رائے عامہ کا دبائو پی ڈی ایم کی کامیابی کا ثبوت ہے۔ پی ٹی آئی والے بھی کہتے ہیں کہ اتنی کرپشن پہلے نہیں دیکھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی تاریخ کی سب سے کرپٹ حکومت دیانتداری کا لیبل لگا کر دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہی ہے۔ ثابت ہو گیا کہ عمران خان کی ساری سیاست جھوٹ پر مبنی تھی۔ احسن اقبال کا کہنا تھا کہ سی پیک منصوبے چین کی مدد سے ہو رہے ہیں۔ چینی حکومت نے پیسے براہ راست کنٹریکٹرز کو دیئے ہیں۔ ملک کو نالائق اور نااہل حکومت کے ہاتھوں نقصان پہنچ رہا ہے۔ سی پیک کے لیے جس معاشی ڈھانچے کی ضرورت تھی حکومت نے اس کو تباہ کر دیا ہے۔ احسن اقبال نے کہا ہے کہ حکومت نے ہائیر ایجوکیشن کو تباہ کر دیا ہے، حکومت نے ہائیرایجوکیشن کا بجٹ کاٹ دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ نے 5 برسوں میں دس ہزار ارب کا قرضہ لیا، دس ہزار ارب کا قرضہ لے کر11ہزار میگاواٹ بجلی کے منصوبے بنائے، دو ہزار کلو میٹر موٹروے بنائی اور سی پیک شروع کیا۔ پی ٹی آئی حکومت نے ڈھائی سال میں گیارہ ہزار ارب کا قرضہ لیا ہے۔