سعودی عرب: امریکہ‘ برطانیہ کی مشترکہ بحری مشقیں جاری
اسلام آباد (اے پی پی)رائل سعودی بحریہ ، امریکی بحریہ اور سمندر میں بارودی سرنگیں ڈھونڈنے والے برطانوی جہازوں پر مشتمل مشترکہ بحری مشق سعودی عرب کے مشرقی ریجن میں گزشتہ روز بھی کی گئیں ۔سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق نیول ڈیفنڈر-21 بحری مشقیں گذشتہ جمعرات سے جاری ہیں۔ان بحری مشقوں کا آغاز سعودی عرب کے مشرقی ساحلی شہر الجبیل کے کنگ عبدالعزیز نیول بیس کے ہیڈکوارٹر سے ہوا ہے۔ان بحری مشقوں میں متعدد جنگی حکمت عملیاں شامل رہیں جن میں دشمن کے اہداف پر براہ راست گولہ باری ، بحری بورڈنگ کی تشکیل ، سمندری بچاو کے ساتھ ساتھ بندرگاہوں کا دفاع شامل رہا۔مشترکہ نیول ڈیفنڈر-21 مشقوں میں بحریہ کی فضائی سروس بھی مشقوں کا حصہ رہی جو کہ جنگی بحری جہازوں کے لیے مختلف فارمیشنز پر کام کرتی ہے۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ان مشقوں میں میرینز کارپس اور بحریہ کے خصوصی سکیورٹی یونٹ نے حصہ لیا۔ ان مشقوں میں بارودی ہتھیاروں کے براہ راست استعمال کی تربیت بھی شامل تھی۔