پیپلزپارٹی نے مردم شماری کے حوالے سے کمیٹی کی رپورٹ مسترد کردی
اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمائوں نے کہا ہے کہ مردم شماری کے حوالے سے جو کمیٹی بنائی گئی تھی اس کی رپورٹ کی مذمت کرتے ہیں اور اسے مسترد کرتے ہیں کیونکہ مردم شماری کے حوالے سے کمیٹی نے سندھ سے رابطہ نہیں کیا۔لاہور میں 500طالب علموں پر ایف آئی آر دے دی گئی ہے کیونکہ وہ اپنا حق مانگ رہے تھے، ہم اس رویے کی مذمت کرتے ہیں۔ تحریک انصاف کی طرز حکمرانی اور وزیراعظم جو ابھی ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں،اس کی مذمت کرتے ہیں،حکومت نے آرڈیننس کی فیکٹری لگائی ہوئی ہے اور ایک آرڈیننس کے تحت نوٹیفکیشن کرکے تین اداروں کو وفاق کے زیر انتظام کرنے کی کوشش کی جارہی ہے جبکہ اس حوالے سے سپریم کورٹ میں کیس چل رہا ہے۔ان خیالات کا اظہا ر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا ، پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات شازیہ مری اورنے نذیر ڈھوکی کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔