20 لاکھ سے زائد کی وارداتیں‘ شہری زیورات‘ موبائل فون‘ گاڑیاں بھی گنوا بیٹھے
لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے وارداتوں کے دوران متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون، گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ ڈاکوؤں نے ماڈل ٹائون کے علاقے میں زبیر کے گھر گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بنا کر 6لاکھ10ہزار روپے مالیت ،چوہنگ کے علا قے میں صادق کے گھر سے 5لاکھ 40ہزار روپے مالیت ، جنوبی چھائونی کے علاقہ میں عابد کے گھر سے3لاکھ 30 ہزار روپے مالیت، سبزہ زار میں قدیر کی فیملی سے 3لاکھ 8ہزار روپے مالیت، ساندہ میں انصر کی فیملی سے ڈیڑھ لاکھ روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان لوٹ لیا۔ ڈاکوؤں نے شہر کے مختلف علاقوں میں راہزنی کی5 وارداتوں میں شہریوں سے ہزاروں روپے نقدی اورموبائل فون لوٹ لئے ہیں۔ چوروں نے ڈیفنس اور مانگا منڈی کے علاقوں سے دوکاریں جبکہ باٹا پور، نواب ٹائون، بھاٹی گیٹ، نواں کوٹ، باغبانپورہ اور بھاٹی گیٹ کے علاقوں سے چھ موٹرسائیکلیں چوری کر لی ہیں۔