اے سی پاکپتن کو تھپڑ مارنے کا معاملہ‘ لیگی ایم پی اے میاں نوید کی ضمانت میں 12 فروری تک توسیع
لاہور ( وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ میں اسسٹنٹ کمشنر پاکپتن کو تھپڑ مارنے اور اغوا کرنے کے حوالے سے کیس پر مسلم لیگ (ن) کے ایم پی اے میاں نوید علی اور انکے والد رانا احمد علی کی گرفتاری سے بچنے کے لیے دائر درخواست پر ضمانت قبل از گرفتاری میں 12 فروری تک توسیع کر دی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر مدعی اسسٹنٹ کمشنر کو طلب بھی کر لیا۔ درخواست گذار کی جانب سے عدالت کو بتایا گیا کہ جس واقعہ کی ایف آئی آر ہوئی وہ ہوا ہی نہیں۔ وکیل درخواست گذار نے عدالت کو بتایا کہ اے سی خاور بشیر نے لیٹ نائٹ شادی کی تقریب پر چھاپہ مارا۔ جہاں ایم پی اے بھی موجود تھا۔ اے سی سے تقریب بند کروانے پر جھگڑا ہوا۔ اغوا اور تشدد کے الزامات غلط ہیں۔