جماعت اسلامی کے رہنما حافظ سلمان بٹ انتقال کر گئے‘ نماز جنازہ آج منصورہ ہو گی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے سینئر رہنما وسابق رکن قومی اسمبلی حافظ سلمان بٹ قضائے الہیٰ سے انتقال کر گئے ہیں۔ مرحوم کو گزشتہ دنوں دل کا دورہ پڑا تھا، وہ ہسپتال میں زیر علاج تھے۔ حافظ سلمان بٹ کو دل کا دورہ پڑنے پر لاہور کے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں داخل کرایا گیا تھا۔ سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی قیصر شریف کے مطابق مرکزی رہنما جماعت اسلامی حافظ سلمان بٹ لاہور کے نجی ہسپتال میں انتقال کر گئے۔ گزشتہ رات ہارٹ اٹیک کے بعد آئی سی یو میں زیر علاج تھے۔ حافظ سلمان بٹ طویل عرصے سے شوگر کے مرض میں مبتلا تھے۔ حافظ سلمان بٹ بیماری کے باوجود ایک متحرک سیاسی رہنما کے طور پر نمایاں رہے۔ ریلوے پریم یونین کے عرصہ دراز تک صدر رہے۔ حافظ سلمان بٹ کی نماز جنازہ بعد از جمعہ دو بجے منصورہ میں ادا کی جائے گی۔ جنازہ 700 عمر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن سے اٹھائی جائے گی۔ مرحوم حافظ سلمان بٹ نے 65سال عمر پائی۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق سمیت پارٹی کے دیگر رہنماؤں نے حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کی مغفرت کی دعا کی ہے۔