• news

صدر نے اردنی چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کو ہلال امتیاز دیا

اسلام آباد‘ راولپنڈی (سپیشل رپورٹ+ سٹاف رپورٹر+ نوائے وقت رپورٹ) صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان اردن کیساتھ باہمی مفادات کے تمام شعبوں میں تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے اور اردن کیساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ صدر ڈاکٹر عارف علوی اردن کی افواج کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی سے بات چیت کر رہے تھے۔ جنھوں نے صدر سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ صدر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مشترکہ ثقافت، علاقائی اور بین الاقوامی معاملات پر مشترکہ خیالات پر مبنی ہیں۔ پاکستان اور اردن دونوں کو دفاعی اور معاشی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کی ضرورت ہے۔ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بریف کرتے کہا کہ بین الاقوامی برادری کو بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیر کی مسلم آبادی کیخلاف پابندیاں اور محاصرہ ختم کرے۔ صدر نے مشرق وسطیٰ میں قیام امن کیلئے اردن کی کوششوں کوسراہا۔ اس سے قبل صدر نے میجر جنرل یوسف احمد الحنیتی کو ہلال امتیاز کا ایوارڈ دیا۔ ہلال امتیاز دینے کی تقریب میں سینئر فوجی اور سول افسران نے شرکت کی۔ میجر جنرل یوسف الحنیطی نے امیرالبحر ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے سے نیول ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران خطے کی سکیورٹی صورتحال، باہمی دلچسپی کے امور اور دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ میجر جنرل نے خطے میں بحری سیکیورٹی اور استحکام کے حوالے سے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ معززین نے دونوں ممالک کے درمیان پہلے سے موجود دفاعی تعاون کو مزید مضبوط کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف نے ایئر چیف سے بھی ملاقات کی۔ میجر جنرل یوسف نے پاک فضائیہ کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو سراہا۔ میجر جنرل یوسف نے پاک فضائیہ  تجربات سے استفادہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔
  

ای پیپر-دی نیشن