• news

مسلم لیگ ن کی فارن فنڈنگ سے متعلق کمیٹی کا اجلاس بغیر کارروائی ملتوی

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ کیلئے سکروٹنی کمیٹی نے پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کو 3 فرور ی کو دوبارہ طلب کرلیا۔ پیپلزپارٹی کی فارن فنڈنگ کیلئے سکروٹنی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی نے پیپلزپارٹی اور پی ٹی آئی کو 3 فروری کو دوبارہ طلب کر لیا۔ پیپلزپارٹی کے بنک اکائونٹس کی تفصیلات کمیٹی کو موصول ہوگئیں۔ آئندہ سماعت پر کمیٹی بنک ریکارڈ کی جانچ ہڑتال شروع کرے گی۔ پیپلز پارٹی کے غیر ملکی فنڈنگ کیس میں وکیل لطیف کھوسہ نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی نے غیر ملکی ممنوعہ فنڈنگ نہیں لی پیپلز پارٹی نے پانے مقامی 7 بینک اکائوٹس کی تفصیلات بینک سرٹیفکیٹ کے ساتھ پیش کر دی ہیں سکروٹنی کمیٹی جہاں سے مرضی تصدیق کرا لے۔ پیپلز پارٹی کے پی پی ایل ایل سے کوئی تعلق نہیں مارک لیگل کی لا فرم کو حکومت پاکستان نے ہائر کیا تھا رقم کی ادائیگی امریکہ میں پاکستانی سفارتخانے پیپلز پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ۔ سکروٹنی کمیٹی کیلئے میں مجاز اتھارٹی ہوں جو سوال ہے مجھ سے پوچھا جائے۔ مقامی ڈونرز کی تفصیلات کیوں دیں۔علاوہ ازیں الیکشن کمشن آف پاکستان میں مسلم لیگ نون کی مبینہ فارن فنڈنگ سے متعلق قائم کی گئی کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ درخواست گزار فرخ حبیب، مسلم لیگ نون کے وکیل جہانگیر جدون اور نون لیگ کے آفس سیکرٹری محمد نیاز ریکارڈ سمیت الیکشن کمشن پہنچے۔ سکروٹنی کمیٹی کے سربراہ ڈی جی لا کی سپریم کورٹ میں پیشی کے باعث کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی نہ ہو سکی۔ مسلم لیگ نون کی فارن فنڈنگ سے متعلق کمیٹی کا اجلاس بغیر کسی کارروائی کے ملتوی کر دیا گیا۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما و وفاقی پارلیمانی سیکرٹری فرخ حبیب  نے کہا کہ الیکشن کمیشن سکروٹنی کمیٹی میں بلاول بھٹو زرداری اور مریم صفدر پیش نہیں ہو رہے۔ الیکشن کمیشن کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے فرخ حبیب نے کہا کہ مریم صفدر آخر کہاں چھپ کر بیٹھی ہوئی ہیں؟  مریم صفدر اور بلاول بھٹو کو الیکشن کمشن آکر بتانا چاہئے کہ یہ ہیں وہ ذرائع، سکروٹنی کمیٹی نے بینکوں سے بھی ریکارڈ منگوا لیا ہے، یہ لوگ ہمیشہ بڑے بڑے دعوے کر کے بھاگ جاتے ہیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ بے نظیر شہید نے اپنی کتاب میں نواز شریف کی فارن فنڈنگ کا لکھا ہے، انہوں نے لکھا کہ نواز شریف نے فارن فنڈنگ کی بنیاد رکھی، بے نظیر شہید نے یہ بھی لکھا ہے کہ نواز شریف نے ان کی حکومت گرانے کے لیے اسامہ بن لادن سے 10 ملین ڈالر لئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کی کیا بات ہے، چھوٹے میاں چھوٹے میاں، بڑے میاں سبحان اللہ، الیکشن کمشن سے گزارش ہے کہ حافظ حسین احمد اور مولانا شیرانی کو بھی بلا لیں۔ فرخ حبیب نے کہا کہ یہ ملک میں ایک گینگ ہے جو فارن فنڈنگ پر ملک میں اپنی مہم چلا رہا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن