ای سی سی: یوٹیلٹی سٹورز کی5 ضروری اشیاء پر سبسڈی30 جون تک جاری رہے گی
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی صدارت میں اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں یوٹیلٹی سٹورز پر 5اشیاء ضروریہ پر سبسڈی کو جاری رکھنے کی منظوری دے دی، یہ رعایت30 جون 2021تک جاری رہے گی۔ سبسڈی وزیراعظم ریلیف فنڈ میں سے دی جائے گی۔ وزارت صنعت کی طرف سے 2-332ارب روپے کے فنڈ دوباری مختص کرنے کی بھی اصولی منظوری دی گئی ،اس کا مقصد یوٹیلٹی سٹورز میں سٹاک مینجمینٹ، ای آر پی خریداری کی آٹو میشن کے لئے آئی ٹی کا انفراسٹرکچر قائم کرنا ہے، ای سی سی نے ہدایت کی کہ اس سلسلے میں وزارت آئی ٹی اور وزارت خزانہ سے مشاورت کرے۔ اجلاس نے مذید ہدایت کی کہ یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن جس میں ضروری اشیاء پر سبسڈی فراہم کرنے کے لئے مارکیٹ پرائس کا مخصوص پر سینٹیج رینج بنایا جائے اور اسے ای سی سی کو پیش کیا جائے۔ اجلاس میں ٹیکسٹائل اینڈ اپیرل پالیسی 2020-25ء پر غور کیا گیا ،کمیٹی نے معاون خصوصی پاور تابش گوہر کو سب کمیٹی میں شامل کرنے کی منظوری دے دی، کمیٹی ٹیکسٹائل پالیسی کے تحت پاور سیکٹر کے متعلق تٖفصیلی مشاورت کرے گی، پالیسی کی منظوری کو موخر کر دیا گیا اور یہ دوبارہ ای سی سی میں لائی جائے گی۔ اجلاس میں آئل مارکیٹنگ کمپنیز کے مارجن میں اضافہ کی تجویز پر غور کیا گیا۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جو نئے ریٹ تجویز کئے گئے ہیں ان پر پائیڈ سٹڈی کرے گا اور مارجن میں اضافہ کی نئی شرحوں پر پائیڈ کی سٹڈی کی روشنی میں غور کیا جائے گا۔ اجلاس میں معاون خصوصی ریونیو کی صدارت میں ایک کمیٹی بنا دی جس میں معاون خصوصی تابش گوہر، ندیم بابر بھی شامل ہوں گے جو پائیڈ کی رپورٹ پر غور کرے گی اور پھر اس کی سمری کمیٹی میں لائی جائے گی ، اجلاس میںگوادر کے 300میگا واٹ کے پاور پلانٹ کے پاور پرچیز ایگریمنٹ اور عمل درآمد معاہدہ کی منظوری دے دی ،اجلاس میں سجلال ویل سے22ایم ایم سی ایف ڈی گیس ایس ایس جی سی ایل کو دینے کی منظوری دی گئی، ای سی سی نے کوئٹہ اور تفتان میں زائرین ڈائریکٹوریٹ بنانے کی منظوری دی گئی، اس پر38,50ملین روپے لاگت آئے گی، اجلاس میں مشہد ایران اور کربلا، بغداد عراق میں زیارت ڈائریکٹوریٹ بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا ،ای سی سی نے وزارت مذہبی امور کو ہدایت کی کہ اس سلسلے میں وزارت خارجہ کی وساطت سے ایران اور عراق سے رسمی منظوری لی جائے، اجلاس میں نیشنل الیکٹرک پالیسی پیش کی گئی، کمیٹی نے پالیسی کو کابینہ کمیٹی برائے توانائی کو بھیج دیا ،کمیٹی نے کہا کہ اگر یہ پالیسی ای سی سی کے دائرہ اختیار میں ہے تو تمام سے مشاورت کی جائے، اسلام آباد کے بارانی علاقوں کے کمانڈ ایریا کی بہتری کے پروگرام کے لئے42ملین روپے کی تکنیکی گرانٹ منظور کر لی گئی۔