• news

بھارتی دہشتگردی خطرہ، امریکہ، عالمی برادری کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے: پاکستان

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ  پاکستان  نئی امریکی انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہشمند ہے تاکہ دونوں ملکوں کے کثیر جہتی اور پائیدار دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کیا جاسکے۔ ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان زاہد حفیظ چودھری نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے حصول کے لئے امریکہ کے ساتھ شراکت داری جاری رکھنا چاہتا ہے۔ پاک امریکہ دوطرفہ تعلقات نے علاقائی امن و استحکام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور دونوں ملک ماضی میں ایک ساتھ کام کرکے اس حوالے سے مثبت نتائج حاصل کرچکے ہیں۔ مشترکہ جغرافیائی، سیاسی اور سیکورٹی چیلنجز کے تناظر میں جاری تعاون اور اشتراک عمل آج مزید اہمیت کا حامل ہے۔ افغانستان میں امن کے مشترکہ مقصد کے لئے دونوں ملکوں نے قریبی تعاون سے کام کیا ہے۔ پاکستان افغان امن عمل میں پیش رفت کا معترف ہے اور اس کی بنیاد پر افغانستان میں امن و استحکام چاہتا ہے۔ نئی امریکی انتظامیہ اور عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ  کشمیر میں بھارت کی جانب سے جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ ترجمان  نے کہا کہ اقلیتوں خصوصاً مسلمانوں اور ان کی عبادت گاہوں پر حملوں میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔ ترجمان نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ ’’دنیا بھر میں پاکستان مخالف پروپیگنڈا‘‘ اور ’’ریاستی سرپرستی میں دہشت گردی‘‘ کرنے والے ملک کی  حیثیت سے بھارت کا حقیقی چہرہ دیکھیں۔ بھارت کی  جعلی مہم نے بھارتی حمایت یافتہ میڈیا  اداروں کو  بھی  کو بے نقاب کر دیا تھا۔ وادی سمیت دنیا بھر میں بھارتی یوم جمہوریہ کو یوم سیاہ کے طور پر منایا گیا۔ اس دن کشمیریوں نے واضح پیغام دیا کہ وہ بھارتی غیر قانونی تسلط کو قبول نہیں کرینگے۔ ترجمان نے آسیہ اندرابی، شبیر احمد شاہ، یاسین ملک، مسرت عالم بٹ، محمد اشرف صحاری سمیت دیگر کشمیری رہنماؤں کی غیر قانونی حراست اور صحت کی بگڑتی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا۔  بھارتی حکومت اپنے غیرقانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کالے قوانین نافذ کر رکھے ہیں اور جھوٹی اور بے بنیاد الزامات کے تحت کشمیری رہنماؤں کو پابند سلاسل کر رکھا ہے۔ سیاسی نظریات اور غیر قانونی بھارتی تسلط کیخلاف جدوجہد کی بنیاد پر ان رہنماؤں کو قید کرنا اور ان انہیں تشدد کا نشانہ بنانا آر ایس ایس اور بی جے پی کی انتہا پسند ذہنیت کا عکاس ہے، جنہیں کشمیری عوام کے انسانی حقوق کا کوئی احترام نہیں ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق بھارت دہشت گردی پھیلا کر خطے کی سلامتی کے لئے خطرہ بن چکا ہے، پاکستان کی مسلح افواج بھارتی جنونیت اور مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کے لئے تیار ہیں۔ مودی سرکار کی جانب سے کسانوں پر طاقت کا بے دریغ استعمال کیا جارہا ہے، بھارتی پنجاب میں اس وقت کسانوں کی تحریک چل رہی ہے،  پوری دنیا کو بھارت میں انسانی حقوق کی بڑے  پیمانے پر پامالیوں کا ادراک ہے، بھارت کا غیرجمہوری اور دہشت گردی کا چہرہ بے نقاب ہوگیا ہے۔ بھارت دہشت گردی پھیلا رہا ہے لیکن پاکستان پر الزام تراشی کررہا ہے، بھارتی قیادت انتہا پسند عناصر کو ہوا دے کر الیکشن جیتی ہے۔ پاکستان جھوٹ کے بجائے سچ کے ساتھ بھارتی پروپیگنڈے کا جواب دے گا۔ ای یو ڈس انفو لیب کا معاملہ یورپی پارلیمنٹ میں اٹھایا گیا، یورپی پارلیمنٹ میں اس معاملے پر بحث عکاس ہے کہ بھارت دہشت گرد ملک ہے۔

ای پیپر-دی نیشن