ٹرانسپیرنسی رپورٹ، حکومت ہر ناکامی کا الزام، ہم پر ڈال رہی ہے: مسلم لیگ ن
اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ سٹاف رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال نے وزیراعظم کے خطاب پر ردعمل میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے تقریریں کرنے اور ہوائی منصوبے بنانے کی بجائے توانائی کا بحران حل کیا۔ حکومت اپنی ہر ناکامی کا الزام مسلم لیگ (ن) پر ڈال رہی ہے۔ یہ جس نظام کے بوسیدہ ہونے کی بات کرتے ہیں اسی سے ہم نے سب سے بڑی ترقی کرکے دکھائی۔ اب کراچی تا پشاور لوگ فضائی کی بجائے موٹروے پر سفر کو ترجیح دیتے ہیں۔ ’’مسٹر یو ٹرن‘‘ آپ خودی پر لیکچر دینے کا کیا حق رکھتے ہیں۔ عمران خان کو کوئی کام نہیں آتا۔ حکومت کی سمجھ نہیں کیسے چلتی ہے۔ عمران یا تو پچھلی حکومت پر الزام لگاتے ہیں اور نظام ناکارہ قرار دیکر جان چھڑانے کی کوشش کرتے ہیں۔ آپ نے کہا تھا کہ آئی ایم ایف جانے سے پہلے خود کشی کر لوں گا۔ آٹا‘ چینی سستی نہ کرنے پر سیاست چھوڑ دوں گا۔ مسلم لیگ (ن) جو وعدے کرتی تھی وہ پورے کرتی تھی۔ مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ سی پیک کو کامیاب کریں گے تو کامیاب کرکے دکھایا۔ ہم نے کراچی میں امن قائم کرکے دکھایا۔ نواز شریف کی قیادت میں مسلم لیگ (ن) نے یوٹرن نہیں لیا۔ وزیراعظم نے خطاب میں ایک بار پھر قوم کو لیکچر سنایا۔ ان کی تقریر سے لگتا ہے کسی این جی او کے سربراہ ہیں۔ خودی یہ بھی درس دیتی ہے آدمی جو بات کرتا ہے اس پر کٹ مرتا ہے پیچھے نہیں ہٹتا۔ ہر وعدے پر یوٹرن لینا کسی خوددار آدمی کی نشانی نہیں۔ عمران خان نے آکر ترقی کے اس تسلسل کو توڑ دیا ہے۔ ورلڈ بینک کی رپورٹ موجود ہے 2019-20ء میں 6 فیصد ترقی کی پیشگوئی کر رہے تھے۔ عمران خان نے ترقی کرتی ہوئی معیشت کو ڈبو دیا۔ دنیا میں کوئی مثال موجود نہیں کہ کسی معیشت نے دو سال میں 6 فیصد کریش کیا ہو۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے پاکستان کا سب سے بڑا دفاعی بجٹ دیا۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ صاف چلی شفاف چلی کی حقیقت واضح گئی ہے کہ عمران خان کے دور میں پاکستان کرپشن میں 120 سے 124 ویں نمبر پر آ گیا۔ ٹرانسپرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ نے چینی، آٹا، ادویات، ایل این جی چوری پر مہر ثبت کر دی ۔ پرویز رشید نے کہا ہے کہ نواز شریف دور بدعنوانی میں تنزلی کا دور تھا‘ وہ نااہل‘ قیدی اور جلا وطن ٹھہرا۔ عمران خان دور بدعنوانی میں ترقی کا دور‘ وہ صادق‘ امین وزیراعظم ٹھہرایا گیا۔ یہ ہوتا ہے گاڈ فادرز اور سیسلین مافیا کا کمال۔احسن اقبال نے کہا کپتان آپ کرکٹ ہی چلا کر دکھا دیتے۔ 2017ء میں ہماری حکومت میں پاکستان نے بھارت کو فائنل میں شکست دی۔ جبکہ پاکستان نے مسلم لیگ (ن) کے دور حکومت میں ہی 92 کا ورلڈ کپ جیتا۔ کرکٹ ہی چلا دیں‘ ملک میں کرکٹ کو بھی تباہ کر دیا گیا ہے اور ہزاروں نوجوان کرکٹرز بے روزگار ہو چکے ہیں۔ تیسرے سال بھی عمران خان مسلم لیگ (ن) پر الزام ہی لگا رہے ہیں۔ ایک لیڈر جس نے قوم کے ساتھ ہر چیز پر دھوکہ کیا وہ ہمیں خودی کا لیکچر نہ دے۔ عمران خان اس ملک کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ پاکستان کا سب سے بڑا قبضہ مافیا عمران خان ہے۔ انتخابات میں عوام کے مینڈیٹ پر قبضہ کیا گیا آج عمران نے ہر چیز کا ستیاناس کر دیا۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے آپ کی قلعی کھول دی ہے۔ انہوں نے گزشتہ دو سال کا ڈیٹا لیا ہے۔ پنجاب کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا گیا آپ پنجاب سے انتقام لے رہے ہیں۔ سینٹ میں انتخابی اصلاحات بل کا مقصد من پسند لوگوں کے لئے این آر او لانا ہے۔ عمران خان اپنے دوستوں کو اسمبلی پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔ آپ استعفیٰ دیں اور گھر جائیں۔ جس دن پورا پاکستان اسلام آباد استعفی لینے آئے گا آپ کو پتہ چل جائے گا۔ پی پی کی تحریک عدم اعتماد کی تجویز ہے۔ پی ڈی ایم اجلاس میں پی پی جب دلائل دے گی تب دیکھیں گے۔ بہنوئی کے پلاٹ پر قبضہ کے معاملے پر سی سی پی او کو ہٹا دیا گیا۔ وزیراعظم کے مشیر قبضہ کرا رہے ہیں۔