آسٹریلوی امپائر بروس آکسنفورڈ نے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا
لاہور(سپورٹس ڈیسک) آسٹریلین امپائر بروس آکسنفورڈ نے 15 سالہ انٹرنیشنل امپائرنگ کیریئر کا خاتمہ کرتے ہوئے کھیل کے تمام فارمیٹس سے ریٹائرمنٹ کا فیصلہ کرلیا ہے۔ 60 سالہ آکسنفورڈ نے آخری بار آسٹریلیا اور بھارت کے مابین حال ہی میں کھیلے گئے برسبین ٹیسٹ میں بطور امپائر خدمات سر انجام دی تھیں۔ وہ آسٹریلیا کے ڈومیسٹک میچز میں امپائرنگ جاری رکھیں گے۔62 ٹیسٹ ، 97 ون ڈے اور 20 ٹی ٹونٹی میچز میں بطور امپائر خدمات سرانجام دینے والے بروس آکسنفورڈ کو 08-2007ء میں آئی سی سی کے انٹرنیشنل پینل آف امپائر میں شامل کیا گیا تھا، انھیں 2012ء میں ایلیٹ پینل میں ترقی دی گئی تھی۔ وہ بین الاقوامی کرکٹ میں امپائروں کیلئے حفاظت کیلئے آرم شیلڈ متعارف کروانے والے امپائر بنے۔ بروس آکسنفورڈ ان 16 امپائروں میں سے ایک ہیں جنہوں نے 50 یا اس سے زیادہ ٹیسٹ میچز میں بطور امپائر فرائض انجام دیئے۔ انہوں نے خواتین کے 2 ورلڈ کپس کیساتھ ساتھ 3 ففٹی اوورز ورلڈ کپ اور تین ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں بھی فرائض انجام دیئے۔