افغانستان: فائرنگ‘ جھڑپیں‘ 2 حکومتی عہدیدار ‘ فوجی افسرسمیت4 ہلاک
کابل (نوائے وقت رپورٹ+شنہوا)جلال آباد میں دو حکومتی عہدیداروں کو قتل کر دیا اورنامعلوم فرار ہو گئے۔ سکیورٹی اہلکاروں کی گاڑی پر بم حملے میں تین زخمی ہوئے ہیں۔صوبہ بلخ میں صبح کے وقت طالبان کے ساتھ جھڑپ کے نتیجے میں حکومتی فورسز کے 2 اہلکار ہلاک اور 4 دیگر زخمی ہو گئے ہیں۔ شمالی خطے میں افغان فوج کے ترجمان محمد حنیف ریضائی نے جمعرات کے روز بتایا کہ صوبہ بلخ کے ضلع چمتال میں یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی جب عسکریت پسندوں نے مقامی سیکورٹی چوکیوں پر حملہ کیا جس کے نتیجے میں فوجی افسر سمیت حکومتی فورس کے 2 اہلکار ہلاک اور 4 دیگر فوجی زخمی ہو گئے ہیں۔ ادھر مشرقی صوبہ ننگرہار میں جمعرات کے روز سرخ روڈ ضلع میں پولیس گاڑی میں دھماکہ کے باعث 3پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔