• news

فیڈمک اکنامک زون میں بجلی‘ گیس فراہمی کیلئے فنڈز ترجیحاً فراہم کرینگے: عمر ایوب 

لاہور (کامرس رپورٹر)وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے کہا ہے کہ سی پیک کے تحت بننے والے فیڈمک کے ترجیحی سپیشل اکنامک زون علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں بجلی کی فوری فراہمی کے لئے 500کے وی اے کا گرڈ سٹیشن اور 40ملین میٹرک کیوبک فٹ گیس کی فراہمی کے لئے ہنگامی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔وہ چیئرمین فیڈمک میاں کاشف اشفاق سے ملاقات میں گفتگو کر رہے تھے۔ اس موقع پر انہوں نے ایم تھری انڈسٹریل سٹیٹ کے لئے بھی مزید 15ملین میٹرک کیوبک فٹ گیس فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وفاقی وزیر نے علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی کو مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کی پہلی ترجیح بنانے پر چیئرمین فیڈمک کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی صنعتی ترقی میں سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ فیڈمک کے اکنامک زونز میں بجلی اور گیس کی فراہمی کے حوالے سے رواں مالی سال کے علاوہ آئندہ مالی سال میں بھی ترجیحی بنیادوں پر فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔ چیئرمین فیڈمک نے وفاقی وزیر عمر ایوب کو فیڈمک کے اکنامک زونز کا دورہ کرنے کی دعوت دی جس پر انہوں نے 18فروری کو فیصل آباد آنے کا وعدہ کیا۔ اس دورے کے موقع پر وہ فیڈمک کی طرف سے قائم کئے جانے والے ون ونڈو سنٹر کا افتتاح بھی کریں گے جس میں فیسکو اور سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمٹیڈ کا عملہ تعینات کیا جائے گا جو انڈسٹری کو بجلی اور گیس کی فراہمی سے متعلق تمام مسائل موقع پر ہی حل کریں گے۔

ای پیپر-دی نیشن