• news

شاہ محمود‘ چودھری سرور ملاقات‘ پی ڈی ایم کا شیرازہ بکھرنے کو ہے: وزیر خارجہ

لاہور‘ شیخوپورہ‘ اسلام آباد (کلچرل رپورٹر+نمائندہ خصوصی+سٹاف رپورٹر) گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے والوں کی ٹانگیں کھینچنے کا رواج ختم ہونا چاہیے۔ پی ڈی ایم استعفے دے سکی نہ ہی لانگ مارچ کرے گی۔ ان کی تحریک عدم اعتماد بھی نہیں آئے گی۔ عوام اپوزیشن نہیں تحریک انصاف کی حکومت کے ساتھ ہیں۔ وہ جمعرات کے روز مقامی ہوٹل میں صحت کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ کسی بھی ملک کی کامیابی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے جمہوریت کا تسلسل ضروری ہوتا ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے سوا کوئی دوسرانظام نہیں چل سکتا۔ چوہدری محمد سرور نے کہا کہ جب بھی پاکستانی متحد ہوتے ہیں تو وہ کامیاب ہوتے ہیں۔ پاکستان میں اتحاد کی ضرورت ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام جس کو اقتدار میں آنے کیلئے ووٹ دیں اس کے مینڈ یٹ کو تسلیم ہونا چاہیے۔ اُنہوں نے کہا کہ حکومت کو عدم استحکام کا شکار کر نے کی کوشش کر نے والے ملک وقوم کے خیرخواہ نہیں ہو سکتے۔گورنر پنجاب نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کرونا وباء کے دوران فرنٹ لائن پر لڑنے والے قوم کے ہیروز ہیں اور ہم ان کو گورنر ہائوس بلاکر ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کر یں گے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو صحت جیسی بنیادی سہولت کی فراہمی حکومت کی اولین تر جیح ہے۔چوہدری محمد سرور نے کہا کہ پنجاب حکومت ٹائیفا ئیڈ سے بچائو کیلئے ویکسین مہم یکم فروری سے شروع کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے سے وابستہ تمام افراد کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کو صحت کی سہولتوں کی فراہمی کیلئے اپنا بھر پور کردار ادا کر یں۔اسلام آباد سے سٹاف رپورٹر کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی گزشتہ روز  اسلام آباد میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور سے ملاقات ہوئی۔ دفتر خارجہ کے مطابق دوران ملاقات ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، کرونا عالمی وبائی چیلنج سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دوران ملاقات شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پی ڈی ایم کے غیر فطری اور مصنوعی اتحاد کی قلعی کھل چکی ہے۔ پی ڈی ایم کا شیرازہ بہت جلد بکھرنے کو ہے۔ باشعور عوام نے پی ڈی ایم کے کھوکھلے نعروں اور جلسے جلوس کی احتجاجی سیاست کو یکسر مسترد کر دیا۔ گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کرونا ویکسین کے حصول کیلئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی کاوشوں کو سراہا۔شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے انٹی نارکوٹکس ایڈوائزری کے ضلعی چیئرمین رانا رضوان تقاسر نے ملاقات کی ہے اور ان سے ضلع شیخوپورہ کی سیاسی، تنظیمی، انتظامی صورتحال اور انسداد منشیات کے حوالہ سے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا ہے۔ اس موقع پر صوبائی چیئرمین انٹی نارکوٹکس ایڈوائزری کمیٹی چودھری محمد رمضان پرویز اور دیگر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری محمد سرور نے کہا فارن فنڈنگ کیس میں بھی وزیراعظم عمران خان سرخروہونگے۔ انہوں نے کہا کرپشن کی طرح منشیات کو بھی ختم کرنے کیلئے حکومت اقدامات اٹھا رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن