• news

بی آر ٹی میں کتنی کرپشن کی‘ صحافی: ثابت کر کے مجھے گولیاں ما ر دیں: پرویز خٹک

پشاور (نوائے وقت رپورٹ+ صباح نیوز) وزیر دفاع پرویز خٹک نے کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی مجھ پر کرپشن ثابت کردے تو مجھے گولیاں مار دی جائیں۔ بی آر ٹی دفتر کے دورے کے موقع پر سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے ہمراہ میڈیا سے بات کرتے ہوئے پرویز خٹک نے کہا کہ پشاور بی آر ٹی کے حوالے سے مجھ پر بہت تنقید ہوتی رہی۔ بی آر ٹی کا پنجاب کی میٹرو سے مقابلہ کیا جائے تو بی آر ٹی بین الاقوامی معیار کی بس سروس ہے۔ بی آر ٹی میں فیڈر روٹس بھی بنائے گئے ہیں جس وجہ سے اس کی تکمیل کی مدت اور لاگت میں اضافہ ہوا۔ بی آر ٹی منصوبے کی کامیابی سے اپوزیشن کے منہ بند ہوگئے ہیں۔ پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ مجھ پر الزامات لگانے والے خود کرپشن میں ملوث ہیں۔ پی ڈی ایم کی صورت تمام چور اکٹھے ہوگئے ہیں اور اکٹھے ہی مریں گے۔ سینٹ الیکشن میں ہمارے نمبر گیمز مکمل ہیں۔ ہم نہ کبھی پی ڈی ایم کے پاس گئے اور نہ جائیں گے۔ عمران خان نے چوروں کو احتساب کے دائرے میں لانے کی بات کی ہے اور ان کا احتساب ہو کر ہی رہے گا۔ صباح نیوز کے مطابق پرویز خٹک کمشن سے متعلق سوال پر برہم ہو گئے۔ صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ایک سو اٹھارہ ارب روپے میں آپ کو کتنا کمشن ملا ہے؟ پرویز خٹک نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ آپ خود چور ہیں جو یہ الزام لگا رہے ہیں، آپ کو کتنے پیسے ملے ہیں یہ سوال کرنے کے؟ انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایک پیسہ بھی حرام کا ثابت کرے کوئی تو مجھے گولیاں مار دیں، پرویز خٹک کے گھر حرام کا پیسہ نہیں جاتا۔

ای پیپر-دی نیشن