صدارتی نتائج تسلیم نہ کرنیوالے حلقوں کی جانب سے امریکہ میں دہشتگردی کا الرٹ
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکہ میں حالیہ صدارتی انتخاب کے نتائج کو تسلیم کرنے سے انکاری حلقوں کی جانب سے ممکنہ داخلی دہشت گردی کا الرٹ جاری کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ کے جاری کردہ الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ برس نومبر میں ہونے والے انتخابات کے نتائج کو مسترد کرنے والے افراد اور گروہوں کی جانب سے دہشت گردی یا تشدد کی کارروائی ہو سکتی ہے۔ ممکنہ دہشت گردی سے متعلق ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ موصول ہونے والی معلومات کے مطابق نظریاتی محرکات کی بنا پر بعض شرپسند عناصر تشدد پر اکسانے کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ یہ وہی شرپسند عناصر ہیں جو موجودہ حکومت کا قانونی اختیار تسلیم نہیں کرتے۔ انہیں انتقال اقتدار پر بھی اعتراضات ہیں اور اسی طرح کے اپنے دیگر غلط تصورات پر بضد ہیں۔ اس ایڈوائزری میں کسی باقاعدہ منصوبے کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں تاہم امریکہ میں گزشتہ چند ہفتوں سے جاری کشیدگی کی فضا جاری رہنے کا انتباہ کیا گیا ہے۔ کرونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ پابندیوں، 2020ء کے انتخابی نتائج اور پولیس کی جانب سے طاقت کے استعمال کو جواز بنا کر یہ گروہ کوئی بھی قدم اٹھا سکتے ہیں۔ ملک میں نسلی منافرت کے دیرینہ مسائل اور تارکین وطن کی مخالفت بھی تشدد پسندانہ ردعمل کا باعث بن سکتی ہے۔