• news

میگامنی لانڈرنگ، پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز میں گواہ کا بیان اور جرح جاری

اسلام آباد(نا مہ نگار)احتساب عدالت کے جج محمد اعظم خان کی عدالت میں زیر سماعت میگامنی لانڈرنگ، پارک لین اور ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنسز میں گواہ کا بیان اور جرح جاری رہی۔جمعرات کومیگا منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق صدرآصف زرداری، فریال تالپوراور انور مجید کی ایک روز عدالتی حاضری سے استشنی کی درخواستیں دائر کی گئیں جنہیں منظور کرلیاگیا،وکیل صفائی جمشید ملک نے کہاکہ عدالت ہمیں بھی سینیٹائزر فراہم کرے، سینیٹائزر استعمال کرنے کا فائدہ سب کو ہوگا،جس پر عدالت کے جج نے کہاکہ یہ سینیٹائزر مجھ سے آپ لے لیں،اس پر کمرہ عدالت میں قہقے لگ گئے،جس کے بعد نیب گواہ احسن اسلم کا بیان دوبارہ ریکارڈ کرنا شروع کیاگیا،وکیل صفائی نے استفسار کیاکہ یہ جو اصل دستاویزات کہہ رہے ہیں اس کی کاپی ہمیں نہیں دی گئی،عدالت نے استفسار کیاکہ آپ بتائیں کہ کون سا ڈاکومنٹ اورجنل ہے، جس پر گواہ احسن اسلم نے کہاکہ ہم آن لائن پرنٹ کرتے ہیں اس لیے یہ ہی ڈاکومنٹ نکلے،پارک لین ریفرنس پر سماعت کے دوران نیب پراسیکیوٹر عرفان بھولا اور نیب گواہ عدالت میں پیش ہوئے، عدالت نےآصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک سے استفسار کیاکہ آج جرح کر لیں ،جس پرفاروق ایچ نائیک نے کہاکہ اتنے کیسز ہو گئے ہیں کہ ٹایم نہیں ملا تیاری کرنے کا،آج آصف زرداری کا ہائی کورٹ میں کیس ہے تو آج جرح نہیں کر سکتا،اس کیس میں پورا دن لگ جائے گا تو آئندہ سماعت میں کریں گے،عدالت نے کہاکہ آج کی بھی تاریخ آپ کی مرضی کی تھی اب آپ ہی بتائیں کون سی تاریخ دیں،وکیل نے کہاکہ سر کوئی بھی تاریخ دے دیں،ٹھٹھہ واٹر سپلائی ریفرنس میں گواہ احسن اسلم کا بیان قلمبند کیاگیا اور عدالت نے تینوں ریفرنسز میں سماعت 3 فروری تک کے لیے ملتوی کردی۔

ای پیپر-دی نیشن