امریکہ کیساتھ جامع شراکت داری کیلئے پر عزم ، افان مسئلہ کا سیاسی حل چاہتے ہیں: شاہ محمود
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی اور امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن کے درمیان جمعہ کے روز ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر دو طرفہ تعلقات اور کثیرالجہتی شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا گیا۔ دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے امریکی وزیر خارجہ کو منصب سنبھالنے پر مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان، امریکہ کے ساتھ باہمی دلچسپی کے امور پر جامع شراکت داری کے قیام کیلئے پرعزم ہے۔ پاکستان، وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے مطابق معاشی شراکت داری کے قیام، پر امن ہمسائیگی اور علاقائی روابط کے فروغ کا حامی ہے۔ پاکستان اور امریکہ یکساں طور پر، جامع مذاکرات کے ذریعے، افغان مسئلے کے سیاسی حل کے متمنی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان میں پر تشدد واقعات میں کمی لائی جائے تاکہ افغان مسئلے کے پرامن سیاسی حل کی راہیں ہموار ہوں ۔ پاکستان نے مشترکہ ذمہ داری کے تحت افغان امن عمل میں مصالحانہ کردار کیا اور آئندہ بھی اس کردار کو نبھاتا رہے گا۔ وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف دی گئی قربانیوں اور اقدامات سے آگاہ کیا۔ امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے بہت سے مواقع موجود ہیں جن سے استفادہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی طرف سے دی گئی قربانیوں کو سراہا۔ وزیر خارجہ نے اس حوالے سے اٹھائے جانے والے اقدامات سے بھی امریکی ہم منصب کو آگاہ کیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے اہم علاقائی و عالمی امور کے حوالے سے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے پر اتفاق کیا۔ امریکی وزیر خارجہ نے ڈینیئل پرل کیس میں قانونی تقاضوں کی پاسداری کو باہمی مفاد قرار دیا۔