بختاور کو محمود چوہدری بیاہ کر لے گئے
کراچی(وقائع نگار/عطاء اللہ ابڑو)شہیدبے نظیربھٹوکی بڑی صاحبزادی بختاوربھٹوزرداری اورمحمودچوہدری شادی کے بندھن میں بندھ گئے،بختاوربھٹوزرداری اورمحمودچوہدری کا نکاح مولاناغلام محمدسہونے پڑھایا،باخبرذرائع کے مطابق بلاول ہائو س کراچی میں منعقدہ نکاح کی پروقارتقریب میں سابق صدرآصف علی زرداری،بلاول بھٹوزرداری،فریال تالپور،ڈاکٹرعذرافضل پیچوہو،ملک ریاض،ریاض لال جی،فاروق ایچ نائیک،لطیف کھوسہ،سینئرصحافی حامد میر،سہیل وڑائچ،ڈاکٹر عاصم کے علاوہ معززشخصیات اوردونوں خاندان کے چالیس سے پچاس افرادشریک ہوئے۔ دولہا میاں محمود چوہدری اور بختاور بھٹو کے سسرالی بیس سے زائد گاڑیوں کے قافلے میں بلاول ہاؤس پہنچے ،بلاول ہائوس کے سبزہ زارپر خوبصورت ریڈ کارپیٹ بچھایاگیاتھا،سٹیج کی اوپری کی سجاوٹ پنک رنگ سے کی گئی تھی جبکہ بختاوربھٹوزرداری کا نکاح پڑھانے والے مولانا غلام محمد سہو کا تعلق ٹھٹھہ سے ہے اورنکاح خواں کو بلاول ہائوس لانے کی ذمہ داری رکن قومی اسمبلی شگفتہ جمانی کے سپرد تھی اس موقع پرپیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتزاز احسن کی جانب سے پھولوں کا تحفہ بھجوایا گیاجبکہ نکاح کی پروقارتقریب کے موقع پربلاول ہاؤس میں سکیورٹی کے سخت انتظامات دیکھنے میں آئے، بم ڈسپوزل سکواڈ کے عملہ نے بلاول ہائوس کے اطراف علاقے کی سرچنگ کی اورایس ایس یو کے کمانڈوز نے سکیورٹی کی ذمہ داریاں سنبھال لی ہوئی تھیں جبکہ بلاول ہاؤس کے اطراف عمارتوں کی چھتوں پربھی پولیس نفری تعینات کی گئی تھی علاوہ ازیں کھانے کے لیے مختلف کیٹرنگ سروس کی خدمات حاصل کی گئیں جن میں ایرا کیٹرنگ سروس لاہور ،عامر راجپوت کیٹرنگ سروس کراچی اور وارث کیٹرنگ سروس کی خدمات حاصل کی گئیں دوسری جانب پیپلزپارٹی ڈسٹرکٹ سائو تھ کے سیکریٹری جنرل کرم اللہ وقاصی کی جانب سے بختاور بھٹو زرداری کی شادی کی خوشی میں رات گئے تک جشن کا سماں بندھارہااورجیالوں نے لیواپررقص کرکے خوب ہلہ گلہ کیاجبکہ آج بروزہفتہ لیاری ککری گراونڈمیں بختاوربھٹوزرداری کی شادی کی خوشی میں پیپلزپارٹی کی جانب سے شام 7 بجے آتشبازی کامظاہرہ ہوگااورلیواپررقص کیاجائے گا۔شہیدمحترمہ بے نظیربھٹوکی بڑی صاحبزادی بختاوربھٹوزرداری اورمحمودچوہدری کی شادی کے موقع پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اپنی ہمشیرہ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے ٹویٹ میں کہا کہ میری بہن بختاور بھٹو زرداری کی شادی ایک طویل عرصے بعد آنے والا خوشیوں کا لمحہ ہے۔مجھے ایسا لگا کہ خوشیوں کے اس لمحے میں میری والدہ ہمیں دیکھ رہی ہیں۔میری جانب سے دونوں کو ایک ساتھ ایک نئی زندگی کی ابتداء کی مبارک باد ہو۔