لوٹ مار کی منڈی لگانے والے مظلوم بننے کی کوشش کررہے ، پی ڈی ایم منہ کے بل جاگری: عثمان بزدار
لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ ساہیوال پنجاب کا مردم خیز اور زرخیز خطہ ہے جو تیزی سے انتظامی اور تجارتی مرکز کے طور پر سامنے آ رہا ہے۔ ساہیوال میں ایگرو بیسڈ انڈسٹریز کا بھرپور پوٹینشل موجود ہے۔ پی ٹی آئی کی حکومت کی منصوبہ بندی کے نتیجے میں ساہیوال کیساتھ ہڑپہ اور چیچہ وطنی بھی ترقی کے سفر میں برابر کے شریک ہوں گے۔ ہڑپہ اور چیچہ وطنی کیلئے دو، دو ارب روپے کے ترقیاتی پیکیج دیئے گئے ہیں۔ وہ ساہیوال میں شہر کیلئے اربوں روپے کے ترقیاتی منصوبوں کے آغاز کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترقیاتی پیکیج میں تعلیم، صحت، سڑکوں کی تعمیر، تحصیل سپورٹس کمپلیکس، گراؤنڈز، وائلڈ لائف پارک، انڈرپاس، واٹرسپلائی اور سیوریج کے منصوبے شامل ہیں۔ ساہیوال دیگر ترقی پذیر شہروں کی طرح پاکستان تحریک انصاف کی توجہ کا مرکز بن چکا ہے۔ پنجاب کے شہر اب جدید سہولتوں سے آراستہ دور میں داخل ہورہے ہیں۔ ساہیوال میں ایشین ڈویلپمنٹ بینک کے اشتراک سے جدید اربن میونسپل سروسز کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ساہیوال میں 18ارب روپے کی مجموعی لاگت سے پنجاب انٹرمیڈیٹ سٹیز امپروومنٹ انوسٹمنٹ پروگرام لانچ کیا گیا ہے اوراس منصوبے میں اوپن اور شفاف انٹرنیشنل بڈنگ کے ذریعے 11کروڑ روپے کی خطیر رقم کی بچت کی گئی ہے۔ ساہیوال اور سیالکوٹ مستقبل میں انجن آف گروتھ کاکردارادا کریں گے۔ ساہیوال میں ویسٹ مینجمنٹ ٹریننگ اکیڈمی کا افتتاح کیا گیا ہے اور احساس پروگرام لانچ کیا گیا۔ ساہیوال میں ہنر مند نوجوان پروگرام اور پنجاب روزگار سکیم کا آغاز کیا گیا ہے۔ ساہیوال میں 120 بیڈ کے انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ پنجاب میں صحت سہولت کارڈز، اور انصاف میڈیسن کارڈز کے اجراء کے بعد یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام کا آغاز کیا جا رہا ہے۔ ساہیوال کو صوبے میں لائیوسٹاک کا مرکز قرار دیا جاتا ہے لیکن کسی نے پنجاب میں لائیوسٹاک پالیسی بنانے کی زحمت گوارا نہیں کی تھی۔ ہم پنجاب کی پہلی لائیوسٹاک پالیسی تیار کر چکے ہیں اور اسی سال بجٹ سے پہلے یہ آپ کے پاس ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈویلپمنٹ پراجیکٹس کی تکمیل کیلئے عوامی نمائندوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز سے رابطے رکھے جائیں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی رہنمائی میں ترقی کے ثمرات جلد عوام تک پہنچیں گے اور ہم یکساں ترقی کا سنگ میل عبور کر کے دم لیں گے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے خواتین ارکان پنجاب اسمبلی مومنہ وحید، آسیہ امجد، عائشہ نواز اور شاہینہ کریم کھوسہ نے ملاقات ک، جس میں فلاح عامہ کے منصوبوں، خواتین اراکین اسمبلی کو مزید با اختیار بنانے اور مسائل کے حل کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ چیف وہپ پنجاب اسمبلی ایم پی اے سید عباس علی شاہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے خواتین اراکین اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خواتین ارکان صوبائی اسمبلی کو ان کا جائز حق دیں گے -آپ کے علاقوں کے مسائل نوٹ کر لئے ہیں، انہیں فوری طو ر پر حل کریں گے -عوام کے حالات بدلنے کیلئے دن رات محنت کر رہے ہیں۔ سابق ادوار میں ارکان اسمبلی کو بری طرح نظرانداز کیا گیا۔ گزشتہ حکومت نے اسمبلی کو ربڑ سٹمپ سے زیادہ اہمیت نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانا تحریک انصاف کی حکومت کا مشن ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے اراکین پنجاب اسمبلی نے ملاقات کی۔ ملاقات کرنے والوں میں میاں محمد اختر حیات، چوہدری لیاقت علی، سلیم سرور جوڑا، غلام علی اصغر خان، چوہدری افتخار حسین، احمد خان، امین اللہ خان، مامون تارڑ اور محمد ارشد چوہدری شامل تھے۔ وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے اراکین اسمبلی کے حلقوں کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ کسی کو منتخب نمائندوں کے جائز کام میں آڑے نہیں آنے دیا جائے گا۔ منتخب نمائندوں کو پورا عزت و احترام ملے گا۔ پنجاب میں یونیورسل ہیلتھ کیئر پروگرام سے عوام کو علاج کی بہترین سہولتیں مفت ملیں گی۔ ہم کام کر رہے ہیں اور اپوزیشن شر پھیلا رہی ہے۔ پی ڈی ایم کا غیر فطری اتحاد اپنے منطقی انجام کو پہنچ چکا ہے۔ پی ڈی ایم منہ کے بل جا گری ہے۔ ماضی میں سبز باغ دکھانے والوں نے عوام کو ہمیشہ دھوکہ دیا۔ کسی الزام کی پرواہ نہیں، صرف عوام کی خدمت کیلئے آیا ہوں۔ لوٹ مار کی منڈی لگانے والے اب مظلوم بننے کی ناکام کوششیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو دھوکہ دینا اپوزیشن کا وطیرہ ہے لیکن اب ایسے نہیں ہوگا۔ عثمان بزدار نے جماعت اسلامی کے رہنماء حافظ سلمان بٹ کے ا نتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں جیت پر قومی کرکٹ ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔