• news

حافظ سلمان بٹ والد کے پہلو میں سپرد خاک‘ سراج الحق نے دعائے مغفر ت کرائی

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ کو میانی صاحب قبرستان میں ان کے والد کے پہلو میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ ان کی نماز جنازہ حافظ محمد ادریس نے منصورہ میں پڑھائی جس میں امیر العظیم، لیاقت بلوچ، خواجہ سعد رفیق، ڈاکٹر فرید پراچہ، مولانا عبدالمالک، جاوید قصوری، قیصر شریف، بلال یٰسین، پرویز ملک، محمد اصغر، وقاص انجم جعفری، اظہر اقبال حسن، ذکر اللہ مجاہد، سلمان رفیق، اعجاز چودھری، اوریا مقبول جان، سلمان غنی، تحریک دعوت توحید کے سربراہ میاں محمد جمیل‘ میاں مرغوب، عمران بٹ، حسان بن سلمان، جبران بن سلمان، سیاسی و مذہبی جماعتوں کے قائدین اور ورکرز، مختلف مزدور یونینز کے رہنمائوں اور نمائندوں سمیت مختلف طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ تدفین کے موقع پر جماعت اسلامی کی قیادت سمیت بڑی تعداد میں افراد موجود تھے۔ ان کی مغفرت کے لئے امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے دعا کرائی۔ جماعت اسلامی کے سابق ممبر قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما حافظ سلمان بٹ کی وفات پر جمعیت علماء اسلام کے رہنما مولانا امجد خان نے کہا کہ مرحوم نہ صرف اسلامی جمعیت طلبہ اور جماعت اسلامی بلکہ دوسروں کے لیے بھی محنت اور جدوجہد کا استعارہ تھے بلکہ وہ نظریاتی اور باعمل مسلمان تھے۔ وہ جس شعبے میں گئے، دھاک بٹھائی۔ امیر جماعت اسلامی وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل بلال قدرت بٹ، نائب امرا ذکر اللہ مجاہد، سردار ظفر حسین خان، نصراللہ گوارئیہ، سیکرٹری اطلاعات محمد فاروق چوہان اور ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات محمد عمران الحق نے اظہار تعزیت کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل دے۔ آمین۔ انہوں نے کہا کہ حافظ سلمان بٹ نے اپنی ساری زندگی اللہ کے دین کی جدوجہد اور مخلوق کی خدمت کے لیے وقف کر دی تھی۔ وہ جماعت اسلامی کا سرمایہ تھے۔تحریک منہاج القرآن کے قائد ڈاکٹر طاہر القادری نے حافظ سلمان بٹ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی ہے۔ سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور ، نور اللہ صدیقی ،راجہ زاہد محمود، بشارت جسپال ، میاں ریحان مقبول ، عارف چوہدری و دیگر رہنمائوں نے بھی حافظ سلمان بٹ کی وفات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔حافظ سلمان بٹ کے ایصال ثواب کے لیے قرآن خوانی آج ہفتہ کو سہ پہر 3بجے مرحوم حافظ سلمان بٹ کی رہائش گاہ واقع 700عمر بلاک علامہ اقبال ٹاؤن میں ہو گی۔ سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف نے کہا کہ جماعت اسلامی کے رہنما حافظ محمد ادریس درس قرآن و دعا کرائیں گے۔ مذہبی سیاسی جماعتوں کے قائدین، مزدور یونینز کے رہنما اور ورکرز بھی شریک ہوں گے۔ 

ای پیپر-دی نیشن