• news

آسٹریلین اوپن : قرنطینہ ختم ‘غیر ملکی ٹینس سٹار خوشی سے نہال 

لاہور(سپورٹس ڈیسک)امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمز آسٹریلیا میں قرنطینہ ختم ہونے پر بیٹی کے ساتھ چڑیا گھر چلی گئیں ۔سربیا کے سٹار نوواک جوکووچ ننگے پائوں پارک میں گھومتے رہے ۔ ایک ہزار کے قریب کھلاڑیوں اور کوچنگ سٹاف نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میںشرکت کیلئے قرنطینہ مکمل کیا ہے ۔ کھلاڑیوں کو روزانہ پانچ گھنٹے کی ٹریننگ کی اجازت دی گئی ہے ۔ ولیمز سسٹرز ‘نوواک جوکووچ ‘رافیل نڈال اور نائومی اوساکا‘سیمونہ ہالیپ نے گروپ کی شکل میں میلبورن کی بجائے ایڈیلیڈ میں وقت گزارااور ایک نمائش میں بھی شرکت کی ۔ سرینا ولیمز نے کہا کہ قرنطینہ مکمل ہونے پر بہت خوش ہوں ‘تین سالہ بیٹی بھی کمرے میں ساتھ تھی ‘بیٹی ہی بہترین دوست تھی اور یہ بڑا مشکل مرحلہ تھا ‘خاص طور پر ٹریننگ کیلئے ‘آخر کاریہ ختم ہو گیا ۔ پہلے دن ہی بیٹی کے ساتھ چڑیا گھر گئی ۔ہمارے کمرے میں کیلنڈر موجود تھا اور ہرد ن پر ہم کراس کا نشان لگادیتی تھیں ۔ بیٹی سے وعدہ کیا تھا کہ قرنطینہ مکمل ہونے پر کینگروز اور دوسرے جانور دکھانے کیلئے چڑیا گھر لے کر جائوں گی ۔ نائومی اوساکا نے کہا کہ لوگوں کو نہیں دیکھا ‘یہ بڑا عجیب سا لگا۔نوواک جوکوچ نے کہا کہ ایک سال سے شائقین کے سامنے نہیں کھیلا ‘قرنطینہ ختم ہونے کا بہت خاص لمحہ ہے ۔قرنطینہ خاتمہ کے جشن منانے کی بجائے پارک میں واک کو ترجیح دی ۔ رافیل نڈال نے کہا کہ 2020ء میں کرونا وائرس کی وجہ سے ٹینس کا سوچنا بھی مشکل تھا مگر ایک نئے سال کا آغاز کررہے ہیں ‘واپسی پر بہت خوشی ہو رہی ہے ۔ 

ای پیپر-دی نیشن