• news

افغانستان ،فورسز کی کارروائیوں میں 58 طالبان عسکریت پسند ہلاک،19زخمی 

کابل(شِنہوا)افغانستان کے 2 صوبوں میں سرکاری فوجی دستوں کی حالیہ کارروائیوں میں کم از کم 58 طالبان عسکریت پسند مارے گئے ہیں۔ وزارت دفاع نے جمعہ کو اس کی تصدیق کرتے ہوئے ایک بیان میں بتایا کہ جنوبی صوبہ قندھار میں افغان قومی دفاعی و سلامتی فورسز ( اے این ڈی ایس ایف) نے دند،  ارغنداب اور پنجوائی اضلاع میں کلین اپ کارروائیاں کرتے ہوئے 52 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور 16 کو زخمی کر دیا ہے۔بیان کے مطابق چھاپوں کے دوران سیکورٹی فورسز نے 19 دیسی ساختہ بموں کو ناکارہ بنا دیا اور عسکریت پسندوں کے  3 بنکروں ، 3 گاڑیوں ، 5 موٹرسائیکلوں اور مٹھی بھر ہتھیاروں و گولہ بارود کو تباہ کر دیا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ جمعرات کی شام مغربی صوبہ فراہ کے ضلع بالا بلوک کی بستی شیوان میں افغان فضائیہ کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کے بعد گاڑی میں آگ لگنے کے باعث ایک کار میں سوار 6 طالبان عسکریت پسند  ہلاک اور 3 دیگر زخمی ہوئے ہیں۔سرکاری فورسز سے لڑنے والے طالبان عسکریت پسندوں نے ابھی تک ان خبروں پر کوئی ردعمل نہیں دیا ہے۔مزید برآں ایک آزاد جنگی نگران گروہ کے مطابق جمعرات کے روز افغانستان بھر میں ہونیوالے 16 سلامتی واقعات کے دوران کم از کم 6 عام شہری اور 4 افغان فوجی ہلاک ہوئے ہیں۔تشدد میں کمی(آر آئی وی)گروپ نے جمعہ کے روز ٹویٹ کیا کہ جمعرات کو ہونیوالے واقعات میں تقریبا 12 فوجی زخمی بھی ہوئے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن