فیصل آباد: لینڈ مافیا کے خلاف کریک ڈائون‘ 20کروڑ کی 6کنال سرکاری اراضی واگزار
فیصل آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی خصوصی ہدایات پر لینڈ مافیا کے خلاف جاری کریک ڈائون کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی ٹیم نے مدینہ ٹائون میں گرینڈ آپریشن کرتے ہوئے 80کروڑ روپے مالیت کی چھ کنال قیمتی سرکاری اراضی ناجائز قابضین سے واگزار کرالی۔ اس کامیاب آپریشن میں پولیس کی بھاری نفری موجود تھی اورکسی بھی مزاحمت کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے بھاری مشینری کے ذریعے ناجائز تعمیرات کومسمار کردیا گیا۔ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد سہیل خواجہ اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل عامر عزیز لینڈ مافیا کے خلاف آپریشن کی کارروائی سے لمحہ بہ لمحہ آگاہی حاصل کرتے رہے۔ سوساں روڈ، مدینہ ٹائون میں چناب مارکیٹ کے عقب میں واقع چھ کنال سرکاری اراضی پر بعض افراد نے ناجائز قبضہ کرکے وہاں عارضی گھر ودیگر تعمیرات قائم کر رکھی تھیں جنہیں ماضی میں سیاسی پشت پناہی حاصل تھی۔ سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نے بااثر لینڈ مافیا کے خلاف کامیاب آپریشن کے سلسلے میں ایف ڈی اے کی کارکردگی کو سراہا۔