اوپن بیلٹ کا اقدام سینٹ کے قیام کی بنیاد کیلئے نقصان دہ ہے: رضا ربانی
اسلام آباد (این این آئی+ نوائے وقت رپورٹ) پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور سابق چیئرمین سینٹ رضا ربانی نے اوپن بیلٹ کو سینٹ کی بنیاد کے لیے نقصان دہ قرار دیدیا۔ ایک بیان میں رضا ربانی نے کہا کہ اوپن بیلٹ کا مطلب متناسب نمائندگی کا نظام بدلنا ہے۔ ریفرنس زیر التوا اور حکومت نے بل پر کارروائی کا فیصلہ کرلیا ہے۔ سابق چیئرمین سینٹ نے کہا کہ سنجیدہ سوالات پیدا ہو گئے ہیں کہ کیا حکومت نے رولز کے مطابق آئینی ترمیمی بل پیش کیا؟۔ اوپن بیلٹ کا اقدام سینٹ کے قیام کی بنیاد کو نقصان دے گا۔ واضح کرنا چاہتا ہوں کہ انتخابی عمل میں غیر شفافیت کا دفاع نہیں کر رہا۔ وفاقی حکومت نے اکتوبر میں 26واں آئینی ترمیمی بل پیش کیا۔ حکومت نے ترمیم دی سینٹ الیکشن میں قابل انتقال ووٹ اوپن بیلٹ سے بدلا جائے۔