کل سے برطانوی بی این او پاسپورٹ کو تسلیم نہیں کرینگے: چین کا اعلان
بیجنگ (شِنہوا) چین نے اوورسیز برطانوی شہری(بی این او) پاسپورٹ کو 31 جنوری سے بطورسفری اور شناختی دستاویز تسلیم نہ کرنے کا اعلان کیا ہے، وزرات خارجہ کے ترجمان ژا لی جیان نے کہا کہ ان کا ملک مزید کارروائی کا حق محفوظ رکھتا ہے۔یہ فیصلہ برطانوی حکومت کی جانب سے اوورسیز برطانوی شہریت رکھنے والے ہانگ کانگ کے رہائشیوں کی اتوارسے شہریت کی درخواستیں وصول کرنے کے اعلان کے بعد کیاگیا۔جمعہ کو نیوز بریفنگ میں ژا نے کہا کہ اس حقیقت کو نظر انداز کرتے ہوئے کہ ہانگ کانگ کو چین میں واپس آئے 24 سال ہوچکے اور چین کے واضح موقف کے باوجود برطانیہ نے اپنے وعدے کی کھلی خلاف ورزی کی اور اوورسیز برطانوی شہری (بی این او)پاسپورٹ کے حامل ہانگ کانگ کے رہائشیوں کو اپنے ملک میں قیام اور اپنا شہری تسلیم کرنے کی نام نہاد خودساختہ پالیسی کو جاری رکھا اور شہریت درخواست کے دائرہ کار میں بارباراضافہ کیا۔