• news

نااہل‘ جھوٹے‘ کرپٹ سینٹ میں اکثریت حاصل بھی کر لیں تو کیا فائدہ: حمزہ شہباز 

لاہور (خصوصی نامہ نگار) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ حکومت اپنی ناکامیوں کا ملبہ کب تک دوسروں پر ڈالتی رہے گی۔ عوام کو پتہ ہے یہ نااہل جھوٹے اور کرپٹ ہیں۔ سینٹ الیکشن میں یہ اکثریت حاصل کر بھی لیں تو کیا فائدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے  پنجاب اسمبلی کے احاطہ  میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔  حمزہ شہباز نے کہا ہم احتساب کے نام پر انتقام کو برداشت کر رہے ہیں۔ یہ حکومت ناکام ہوچکی ہے۔ طیارے انکے ضبط ہو جاتے ہیں۔ حکومت جب بھی جائے گی ناکامی کی داستان چھوڑ جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ریاست مدینہ کا نام لیتے ہیں اور خود اپنا گھر بارہ لاکھ میں منظور کروا لیتے ہیں دوسروں کا گھر گراتے ہیں۔  بنی گالا کو بھی گرایا جائے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ انکے وزیراعلی ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے لوگوں سے مل رہے ہیں۔ ہم نے اپنے دور حکومت میں بارہ ہزار میگاواٹ بجلی پیدا  کرکے اندھیروں کو ختم کیا، دہشت گردی ختم کی، کراچی کی رونقیں بحال کیں، 1700کلو میٹر موٹروے بنی، سی پیک   آیا اور  معیشت کا پہیہ چلنے لگا۔ بے سمت  حکومت کا صرف یہی کام ہے کہ ٹیکس بڑھا دو، چینی دال اور حتیٰ کہ نائی دھوبی پر بھی ٹیکس لگا دو، غریب اور کمزور سے دو وقت کی روٹی بھی چھین لو۔

ای پیپر-دی نیشن