ڈینٹل پرل کیس ، سندھ حکومت کی نظرثانی اپیل پر سپریم کورٹ کل سماعت کریگی
اسلام آباد ( خصوصی رپورٹر) وفاقی حکومت نے امریکی صحافی ڈینیئل پرل کے قتل کیس کے چار ملزموں کی رہائی کے سپریم کورٹ کے فیصلے کے خلاف نظرثانی اور حکمنامہ کی معطلی کے حوالے سے دائر کی گئی حکومت سندھ کی درخواستوں میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیا ہے، اٹارنی جنرل آفس نے ہفتہ کے روز بیان میں کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے بھی اس کیس میں دائر کی گئی نظر ثانی کی درخواستوں میں فریق بننے کا فیصلہ کرلیاہے اور جلد ہی اس حوالے سے سپریم کورٹ میں ایک درخواست دائر کی جائے گی۔ ترجمان اٹارنی جنرل آفس کے مطابق وفاقی حکومت سپریم کورٹ سے اس فیصلے پر نظر ثانی اور اسے ری کال کرنے کی استدعا کریگی۔ ترجمان کے مطابق عدالت سے کیس کی اہمیت کے پیش نظر ان درخواستوں کی سماعت کیلئے لارجر بینچ کی تشکیل کی استدعا بھی کی جائے گی، ترجمان نے اس عزم ابھی اعادہ کیا ہے کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے تعاون سے ڈینیئل پرل کے قتل کے ذمہ داروں کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچانے کی ہر ممکنہ کوشش کرے گی۔ سپریم کورٹ میں ڈینیئل پرل قتل کیس کے ملزم احمد عمر شیخ کی رہائی کے خلاف سندھ حکومت کی نظرثانی درخواست سماعت کیلئے مقرر کر دی گئی۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ یکم فروری کو کیس کی سماعت کرے گا۔صحافی ڈینئل پرل کا خاندان عمر شیخ کی رہائی کے فیصلے کے خلاف اپیل کرے گا۔ اہلخانہ نے کہا ہے کہ قاتلوں کو سزا یقینی بنانے، وفاقی اور سندھ حکومت کے ساتھ امریکی حکومت کی کوششوں کی تعریف کرتے ہیں۔ ڈینئل پرل کے والدین نے کہا کہ سپریم کورٹ میں درخواست دائر کریں گے۔