بلدیاتی انتخابات کیلئے یونین کونسل لیول پر بھرپور تیاری کی جائے: شجاعت
لاہور(خصوصی نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین سے ضلعی صدر پاکستان مسلم لیگ راولپنڈی و پولیٹیکل کوارڈی نیٹر سپیکر پنجاب اسمبلی زبیر احمد خان اور جنرل سیکرٹری فیاض تبسم نے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ دونوں رہنمائوں نے چودھری شجاعت حسین کو انٹرا پارٹی الیکشن میں کامیابی پر مبارکباد دی۔ زبیر احمد خان اور فیاض تبسم نے ضلع راولپنڈی میں ہونے والی اب تک کی تنظیم سازی کی رپورٹ پیش کی۔ چودھری شجاعت حسین نے راولپنڈی میں اب تک کی گئی تنظیم سازی پر دونوں رہنمائوں کو سراہا اور کہا کہ آپ پراعتماد طریقے سے پارٹی کو راولپنڈی میں مزید مضبوط بنائیں۔ چودھری شجاعت حسین نے زبیر احمد خان اور فیاض تبسم کو ہدایت کی کہ بلدیاتی الیکشن لڑنے کیلئے یونین کونسل لیول پر تیاری کریں اور پارٹی کیلئے بہترین خدمات پیش کرنے والے کارکنوں کو آگے لائیں۔